معلومات تک رسائی قانون سے گڈ گورننس میں مزید بہتری آئیگی، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ

September 26, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن عبدالجبار بلوچ نے کہا ہے کہ صوبہ میں معلومات تک رسائی کا قانون 2021 حکومت بلوچستان کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور صوبہ میں شفافیت اور معلومات تک رسائی کو ممکن بنارہی ہے اس قانون کو نافذ کرکے صوبے میں گڈ گورننس میں مزید بہتری آئے گی ، یہ بات انہوں نے ایڈ بلوچستان کے زیراہتمام تین روزہ تربیتی سیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کہی ، تقریب میں صوبے بھر سے سول سوسائٹی ، میڈیا ، سرکاری محکموں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو رائٹ ٹو انفارمیشن ، ملکی قوانین کی پاسداری و عملداری ، ابلاغ عامہ اور فیک نیوز سمیت دیگر اہم موضوعات پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کیو ایم سی عبدالجبار بلوچ نے ایڈ بلوچستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں رائٹ ٹو انفارمیشن کا قانون اس وقت کارگر ثابت ہوگا جب عوام اپنی ذمہ داری کے ساتھ عوامی امور میں اپنی شراکت کو بہتر بنانے کے لیے معلومات کے درست سمت کے تعین اور عملداری کے لیے استعمال میں لانے کے لیے حکومتی اداروں کی معاونت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اس کی خوبصورتی اور رونقوں کو ہم مل کر مزید نکھار سکتے ہیں ،کوئٹہ شہر کی خوبصورتی ، شہر کو صاف رکھنے کے لئے سرسبز مہم شروع کی گئی ہے جس میں ہر ذمہ دار شہری کو درخت لگانے اور ان کی نگہداشت کی ذمہ داری دی جارہی ہے،قبل ازیں تین روزہ تربیتی پروگرام میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر اسحٰق بلوچ ، ایڈ بلوچستان کے سی ای او عادل جہانگیر ، منیجر ایڈ بلوچستان میر بہرام خان لہڑی ، سینر صحافی اینکر پرسن میر بہرام بلوچ ، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری سینر صحافی منظور احمد رند ، آر ٹی آئی کے سینئر ایکسپرٹ محمد آصف سمیت دیگر نے آر ٹی آئی قانون سمیت دیگر اہم موضوعات پر شرکاء کو ٹریننگ دی۔