سفارتی سطح پر اعتماد کی بحالی موجودہ حکومت کی کامیابی ہے، صادق عمرانی

September 26, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ گالی معافی غلطی پھر تلافی کی ناکام کوشش الزام تراشی کردار کشی اپنی نااہلی و ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے اور عوام کی توجہ دوسری جانب مبذول کرانے کے لئے اپنے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات اس کے علاوہ سلطنت عمرانیہ نے اپنے غیر حقیقی دورحکومت میں کیا ہی کیا ہے۔ سوائے اس کے کہ اس مسلط کردہ دور میں کشمیر پر انڈیا کا قبضہ اور مضبوط ہوا ملک کا مجموعی قرضہ80فیصد اضافے ساتھ دگنا ہوا۔ کرپشن انڈیکس میں117فیصد اضافہ اور اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا گیا۔اسی دور میں اپنے ساتھ قوم کو بھکاری بنایا گیااور اسی دور میں سیاست کو کاروبار کی عملی شکل دی گئی۔ پھر ترلے منتیں معافیاں اور خبروں کو لیک کرکے سیاسی ٹوپی ڈرامہ اسٹیج کرنے کی سعادت حاصل کی گئی۔ اسی دور میں ایک ملک دشمن سازش کو عملی شکل دی گئی اسی تبدیلی سرکار کے دورحکومت میں ایسا کچھ بھی باقی نہ بچا جس کی انتہائی حدوں کو چھوا نہ گیا ہو۔انہوں نے کہا کہ طویل فہرست ہے جس سے وقت پردہ اٹھائے گا فی الحال اتنا ہی کافی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ سلطنت عمرانیہ سے سرزد ہونے والے غلط اقدامات کے ثمرات کس حد تک ملک کی نظریاتی اساس کے لئے باعث نقصان ثابت ہوئے اور ان کی تلافی کس حد تک کی جاسکتی ہے۔ اس پھیلائے گئے گند کو صاف کرنے کے لئے اور عوام کو پرانا پاکستان دینے کے لئے جہاں قدم قدم پر ان کی عزت نفس مجروح نہ کی جاتی ہو مدتوں لگیں۔ جو شخص سیلاب کی تباہ کاریوں پر ذرا بھر بھی افسردہ نہیں ہوا بلکہ تاحال ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے کمربستہ ہے اس سے اچھے کی امید رکھنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ سفارتی سطح پر اعتماد کی بحالی موجودہ حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ جس کے بعد اب اگلا مرحلہ ملک کی تباہ شدہ معیشت کو پھر سے اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے۔ اس سلسلے میں نوجوان قیادت جو کہ ایک بے مثال سیاسی ورثے کی حامل ہے اپنی سیاسی بصیرت کو بروئے کار لاتے ہوئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ جس کے مثبت نتائج بھی منظر عام پر آنا شروع ہوچکے ہیں۔