بیٹے کو ایوارڈ ملنے پر نعمان اعجاز پر تنقید کیوں؟

September 26, 2022

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار نعمان اعجاز کے بیٹے زاویار نعمان کو حال ہی میں کینیڈا میں منعقد ہونے والے ایوارڈز شو میں بیسٹ سینسیشن کا ایوارڈ ملا تو سوشل میڈیا صارفین نے نعمان اعجاز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سینئر اداکار نعمان اعجاز جو اپنی ہرفن مولا اداکاری کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں، اکثر و بیشتر ایواڈز شو کو تنقید کا نشانہ بناتے دکھائی دیتے ہیں۔

ان کے مطابق ایوارڈ شوز میں میرٹ کی بجائے اقرباپروی کا راج قائم ہوتا ہے، ٹیلنٹ کی قدر نہیں کی جاتی، انہیں ایوارڈ دیا جاتا ہے جن کے سوشل میڈیا پر فالور زیادہ ہیں، اس لیے مجھے ایوارڈ شوز میں جانا پسند نہیں۔

انہوں نے ایک مرتبہ اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ میں ایوارڈ شوز میں نہیں جاتا، اگر کبھی چلا بھی گیا تو مجھے بلیک میل کرکے لےجایا جاتا ہے۔

اب حال ہی میں ہونے والے ایوارڈز شو میں زاویار نعمان کو بیسٹ سینسیشن کا ایوارڈ ملا تو سوشل میڈیا صارفین نعمان اعجاز کو شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کے مطابق زاویار نعمان کو ان کے والد نعمان اعجاز کی وجہ سے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے جو حقیقی ٹیلینٹ کے ساتھ ناانصافی ہے۔