طوبیٰ انور نے ڈرامہ انڈسٹری میں انٹری کی کہانی سنادی

September 26, 2022

کولاج، فائل فوٹوز

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اُبھرتی اداکارہ طوبیٰ انور نے اپنے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے سے متعلق کہانی سنائی ہے۔

معروف میزبان عامر لیاقت کی دوسری، سابقہ اہلیہ، اداکارہ طوبیٰ انور نے حال ہی میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے اس رائے کو مسترد کر دیا ہے کہ اُنہیں شوبز انڈسٹری میں اُن کے سابق شوہر عامر لیاقت کا ہاتھ تھا یا عامر لیاقت نے اُن کی مدد کی تھی۔

طوبیٰ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ وہ 18 برس کی بھی نہیں تھیں جب انہوں میڈیا کے شعبے میں قدم رکھا تھا، وہ عامر لیاقت سے شادی سے بہت پہلے سے میڈیا انڈسٹری میں آف اسکرین کام کر رہی تھیں، وہ شادی اور اداکاری سے قبل 6 سال تک پروڈکشن کے شعبے سے منسلک رہی تھیں۔

طوبیٰ انور کے مطابق شادی کے دو سال گزرنے کے بعد انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ زندگی میں کچھ نیا کیا جائے، اس دوران وہ اپنے میڈیا ہاؤس جاتی تھیں مگر ساتھ میں گھریلو زندگی بھی چل رہی تھی، شادی کے دو سال بعد اُنہوں نے باقاعدہ آڈیشن دیا تھا۔

سیدہ طوبیٰ کا اپنے اوپر لگنے والے الزامات اور تنقید پر کہنا ہے کہ ہم اپنی زندگی میں شاید بہت سارے لوگوں کو پسند نہیں کرتے مگر اگر آپ اپنے ناپسندیدہ شخص کے لیے سوشل میڈیا پر کچھ منفی لکھتے ہیں تو اس کا مطلب ہے آپ خود بہت ہی منفی شخصیت کے مالک ہیں اور آپ کتنا بغض سے بھرے ہوئے ہیں۔

طوبیٰ انور کا کہنا تھا کہ پہلے مجھے خود پر ہونے والی تنقید سے بہت تکلیف ہوتی تھی، ہم انسان ہیں بُرا تو لگتا ہے، جو لوگ آپ کے یا آپ کی زندگی سے متعلق کچھ نہیں جانتے وہ لوگ کہیں سے بھی اٹھ کر آپ کے لیے کچھ لکھ دیں تو تکلیف ہوتی ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ میں نے اپنے آپ کو اس معاملے میں بہت مضبوط کر لیا ہے۔

طوبیٰ نے انٹرویو کے دوران کہا کہ میں ہر معاملے اور ہر مسئلے پر خاموشی اختیار کیے رکھتی ہوں، میں نے آج تک ہر معاملے میں تحمل سے کام لیا ہے کیوں کہ تنقید اور نفرت ایک آگ ہے جس میں آپ مواد ڈالتے رہیں گے تو وہ بھڑکتی رہے گی، یہ کبھی بھی ختم نہیں ہو گی، اور میں نہیں چاہتی کہ میں اپنے ذاتی معاملات کو ایک سرکس بناؤں۔