میگھن مارکل پر شاہی ملازمین کو ہراساں کرنے کاسنگین الزام عائد

September 26, 2022

فائل فوٹو

شاہی مصنف ویلنٹائن لو نے انکشاف کیا ہے کہ ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل شاہی کارکنان و ملازمین کو ہراساں کرتی تھی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری کی اہلیہ ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل کے حوالے سے شاہی مصنف ویلنٹائن لو نے اپنی آنے والی کتاب ’کورٹیئرز: دی ہڈن پاور بیہائنڈ دی کراؤن‘ میں تصدیق کی ہے کہ شاہی ملازمین میگھن کے رویے سے خوف کا شکار تھے۔

اس کتاب کے ایک اقتباس میں یہ چونکا دینے والا انکشاف کیا گیا ہے کہ میگھن مارکل کی خدمت پر مامور بیشتر شاہی ملازمین ان کے رویے سے پریشان اور خوف و ہراس میں مبتلا رہتے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تصدیق کی گئی ہے کہ شاہی محل میں قیام کے دوران متعدد مواقعوں پر میگھن مارکل نے اپنے ساتھی کارکنوں کے سامنے شاہی ملازمین کو ڈرایا اور دھمکایا بھی تھا۔

ویلنٹائن لو گزشتہ 25 برسوں سے شاہی معاملات کے حوالے سے رپورٹنگ کر رہے ہیں، ان کے مطابق میگھن مارکل میڈیا کی جانب سے ہونے والی غلطیوں پر شاہی محل کے ملازمین پر اپنا غصہ نکالتی تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک خاتون ملازمہ پر میگھن اس قدر مشتعل ہوئیں کہ ملازمہ خوف سے کانپ اُٹھی، اس کے لیے شہزادہ ہیری اور میگھن کی خدمت کرنا مشکل ہوگیا تھا۔