عمران خان کے ہاتھوں تباہ شدہ پاکستان ملا، فضل الرحمان

September 26, 2022

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمیں عمران خان کے ہاتھوں تباہ شدہ پاکستان ملا، خان کی حکومت رہتی تو ہم مہنگائی کی جگہ ملک کو رو رہے ہوتے۔

لاہور میں جے یو آئی کے سربراہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ذریعے سیاست کے بعد معاشی عدم استحکام لایا گیا، اس عدم استحکام میں بین الاقوامی ادارے شامل ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان حکومت نے اسٹیٹ بینک کو آزادی کے نام پر آئی ایم ایف کے حوالے کیا، اسٹیٹ بینک کا گورنر وزیراعظم کو جواب دہ ہے نہ پارلیمنٹ کو۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خوشنما نعرے لگاؤ اور عوام کو پاگل بناؤ پالیسی پر گامزن ہیں، عمران خان نے ہم کو غلامی میں لے جا کر ہاتھ پاؤں باندھ دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں استحکام کیلئے قلیل مدت میں قلیل مدتی پلاننگ کرنی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پوری دنیا کی معیشت کا حجم امریکا کے پاس ہے، چین مقابلہ کر رہا ہے، دنیا کے کسی نمبر پر معیشت میں پاکستان موجود ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری سوچ واضح ہے کہ ملک کو بہتری کی طرف کیسے لے جایا جائے، اللّٰہ کا شکر ہے ملک بہتری کی طرف جا رہا ہے۔