ارم لاکھانی اقراء یونیورسٹی کی چانسلر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

September 26, 2022

ارم لاکھانی کو اقراء یونیورسٹی کا چانسلر مقرر کر دیا گیا ہے، ان کی تقرری چار سال کے لیے کی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن گورنر ہاؤس نے جاری کر دیا ہے۔

اقراء یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے شیمن ایجوکیشن سوسائٹی نے تین نام گورنر سندھ/ پیٹرن کو ارسال کیے تھے۔

ان تین ناموں میں ارم لاکھانی، نوید لاکھانی اور احسن مراد شامل تھے۔

ایکٹ کے مطابق گورنر سندھ نے جو اقراء یونیورسٹی کے پیٹرن بھی ہیں، تین ناموں میں سے ارم لاکھانی کی بطور چانسلر منظوری دی۔

ارم لاکھانی اس سے قبل بھی اقراء یونیورسٹی کی چانسلر رہ چکی ہیں۔

یاد رہے کہ اقراء یونیورسٹی کے بانی چانسلر حنید لاکھانی کو اپنے کے انتقال سے محض ایک روز قبل ہی اقراء یونیورسٹی کا دوبارہ چانسلر مقرر کیا گیا تھا۔

ان کا چانسلر کا نوٹیفکیشن گورنر ہاؤس نے 7 ستمبر کو جاری کیا تھا جب کہ ان کا انتقال 8 ستمبر کو ہوا تھا۔

یاد رہے کہ ارم لاکھانی حنید لاکھانی کی ہمشیرہ ہیں اور اقراء یونیورسٹی کی شریک بانی بھی ہیں۔