مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت اور فائرنگ کے دیگر واقعات میں 7 افراد زخمی

September 27, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں7افراد زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق بلدیہ ناردرن بائی پاس کے قریب لوٹ مار کے دوران فائرنگ سے 18سالہ نوید زخمی ہوگیا، بلدیہ 24 کی مارکیٹ لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے 25سالہ خالد زخمی ہوگیا ، حیدری مارکیٹ کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے سبطین رضا زخمی ہوگیا ، میمن گوٹھ تھانے کی حدود لنک روڈ کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے 50سالہ پنہل زخمی ہوگیا۔قائد آباد شفیع گوٹھ میں مسلح ملزمان نے چھینا چھپٹی کے دوران مزاحمت پر گولی مارکر34سالہ عمران کو زخمی کردیا ،کورنگی ویٹا چورنگی پر لوٹ مار کی کوشش کرنے والے موٹرسائیکل سوار دوڈاکوئوں کی فائرنگ سے کارسوار 50سالہ احمد مبارک زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق کار سوار نے بھی ملزمان پر فائرنگ کی تھی ،سپرہائی وے جمالی پل کے قریب موٹرسائیکل سوار دوملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 18سالہ شیر الدین کو زخمی کردیا۔