گرین بیلٹ اور فٹ پاتھ پر تعمیرات، سائٹ ایسوسی ایشن اور دیگر کو نوٹسز جاری

September 27, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے گلبرگ پارک ارضی پر قبضے کے خلاف رہائشیوں کی درخواست پر ڈائریکٹر لینڈ اور ڈائریکٹر پارک کے ایم سی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا، درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ ناظر انسپکشن ہوچکی کہ کے ایم سی کی جگہ ہے، جرائم پیشہ افراد بیٹھتے ہیں، عدالت قبضہ ختم کرانے سے متعلق متعدد احکامات دے چکی،جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے وضاحت دیں، فیصلے پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا؟ عدالت نے فیصلے کی نقول ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو ارسال کرنے کی ہدایت کردی، 15 روز میں عمل درآمد کریں اور رپورٹ پیش کی جائے علاوہ ازیں مذکورہ بنچ نے سائیٹ ایریا میں گرین بیلٹ اور فٹ پاتھ پر تعمیرات سے متعلق درخواست پر سائیٹ ایسوسی ایشن اور دیگر حکام کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے تعمیرات روکنے کا حکم دیدیا،درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ڈی ٹو 95 پلاٹ نمبر کہیں موجود ہی نہیں، 100فٹ روڑ پر گرین بیلٹ پر ایک نیا پلاٹ نکال کر تعمیرات کی جا رہی ہیں، عدالت نے پلاٹ کا جائزہ لینے کے لیے ناظر سندھ ہائی کورٹ مقرر کردیا، عدالت نے پولیس کو معائنے کے دوران امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کی ہدایت کردی۔