ملکی ساخت متوازن بنانے کیلئے سرائیکستان کا قیام ضروری، قوم پرست رہنما

September 27, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر) کیمونسٹ رہنما و کنوینر پاپولر لیفٹ فرنٹ الائنس پاکستان امداد قاضی، سرائیکی پارٹی کی سربراہ ڈاکٹر نخبہ لنگاہ ، مرکزی رہنما عوامی تحریک نور احمد کاتیار ، صدر نیشنل پارٹی لیاقت چوہان ، صدر پاکستان سرائیکی پارٹی ملک الله نواز وینس ،فہیم عامر نے کہا کہ اگر ملک کی موجودہ ساخت برقرار رہے گی تو ملک کبھی ترقی نہیں کر سکے گا ملک کی ساخت کو متوازن بنانے کیلئے صوبہ سرائیکستان کا قیام ضروری ہے ۔جاگیردار اور دلال سرمایہ داروں کی حکومت جب افسر شاہی شب خون مارتی ہے تو یہ لوگ سامراج اور اسٹیبلشمنٹ کیخلاف ماحول بناتے اور نجات کے نعرے لگاتے ہیں، اقتدار عوام کی حقیقی نمائندہ پارٹیوں کے حوالے کیا جائے تاکہ ایک فلاحی ریاست تشکیل پا سکے۔ پسندھ کے ہزاروں گوٹھ اور شہر قصبے آج بھی زیر آب ہیں ۔متاثرین میں راشن اور خیمے تقسیم کئے جائیں،ہر متوفی کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے فصلات اور جانور مال مویشی کے نقصانات کا معاوضہ دیا جائے، سرمایہ داروں کی جمہوریت ہمیشہ مافیاز کے کنٹرول میں رہی ہے،جس کی وجہ سے عوامی مسائل کبھی حل نہیں ہو سکے بلکہ زیادہ گھمبیر صورتحال ہو چکی ہے۔