محکمہ ایکسائز کی جانب سے پراپرٹی مالکان کو نوٹس، 30 ستمبر تک کی ڈیڈ لائن

September 27, 2022

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی کی جانب سے شہر بھر میں پراپرٹی مالکان کو 30 ستمبر تک کی ڈیڈ لائن کے ساتھ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔محکمہ ایکسائز کے ذرائع نےجنگ کو بتایا کہ نوٹسز جاری کرنے کے علاوہ بذریعہ اعلانات بھی پراپرٹی مالکان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ 30 ستمبر تک ٹیکس جمع کروانے والوں کو 10 فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔مقررہ تاریخ تک ٹیکس جمع نہ کروانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جس میں پراپرٹی کو سیل کر کے مالکان کو گرفتار بھی کیا جائے گا اور ان کے خلاف کیسز کو متعلقہ مجسٹریٹ کی عدالت کو بھیجے جائیں گے۔دوسری جانب محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے، واضح رہے کہ یہ نوٹسز شہر اور پوش علاقوں کے علاوہ 24 دیہاتی یونین کونسلز میں پراپرٹی مالکان کو بھی جاری کیے گئے ہیں۔ان نوٹسز کو رحمت آباد یونین کونسل کے چیئرمین تاج عباسی نے عدالت میں چیلنج کیا ہے۔انہوں نے رابطے پر جنگ کو بتایا کہ جن یونین کونسلز میں نوٹسز جاری کیے گئے ہیں ان کی تعداد 24 ہے اور یہ سب دیہاتی کیٹیگری میں آتی ہیں جہاں کسی قسم کی بنیادی سہولت نہیں دی جاتی تو پراپرٹی ٹیکس وصولی کا کیا جواز بنتا ہے ۔انہوں نےکہا ہے کہ اس سلسلہ میں ہمیں عدالت سے انصاف کی امید ہے۔