گھر سے نقدی، 120تولے زیورات چوری، 5 گاڑیاں، 17 موٹر سائیکل غائب

September 27, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرقہ بالجبر ،چوری ،نقب زنی اورراہ زنی کی وارداتوں میں شہری 4گاڑیوں ، 2موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز ، نقدی ،مویشیوں اوردیگراشیاء سے محروم ہو گئے۔ تھانہ صادق آبادکے علاقہ آفندی کالونی میں محمد نوید کے گھر کے تالے توڑ کر نامعلوم چور 6لاکھ روپے اور 120تولے طلائی زیورات مالیتی ایک کروڑ 76لاکھ 40ہزار روپے چوری کر کے لے گئے۔ تھانہ رتہ امرال کے علاقہ ریلوے سکیم میں دو موٹرسائیکل سوار بشیر کی دکان سے گن پوائنٹ پر 15 ہزار روپے اور د و موبائل چھین کرلے گئے ،تھانہ وارث خان کے علاقہ اقبال پورہ میں تین نامعلوم ملزمان گن پوائنٹ پر محمد دانیال کا موٹر سائیکل چھین کرلے گئے ،تھانہ وارث خان کے علاقہ ظفرالحق روڈپر راشد مبین بجلی بندہونے پر اپنے گھر کے باہر موبائل کی ٹارچ جلا کر بیٹھا ہوا تھا کہ اچانک تین موٹرسائیکل سوار آگئے جو گن پوائنٹ پر اس کاموبائل چھین کرفرارہوگئے،تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ ڈبل روڈپرتین موٹرسائیکل سوارگن پوائنٹ پر محمد عثمان سے 64ہزار400روپے اور موبائل، تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ سکستھ روڈپردوموٹرسائیکل سوارگن پوائنٹ پر نبیل شاہد سے پچاس ہزارروپے، تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ سیونتھ روڈپرتین موٹر سائیکل سوار گن پوائنٹ پرخاور زمان کا بٹوا چھین کرلے گئے جس میں 100ڈالر ،10 ہزار روپے، موبائل، شناختی کارڈ ،ڈرائیونگ لائسنس اوراے ٹی ایم کارڈ تھا،تھانہ صادق آبادکے علاقہ شمس آبادمیں دو موٹر سائیکل سواراسلحہ کی نوک پرساجد علی سے 5 ہزار روپےاور موبائل چھین کرفرارہوگئے،تھانہ صادق آبادکے علاقہ میں عرشی مسجدکے قریب دوموٹر سائیکل سوارچودھری ہمایوں سلیم اوران کی فیملی سے گن پوائنٹ پر طلائی بالیاں ،طلائی چین ،سونے کی انگوٹھی کل مالیتی تین لاکھ روپے اورایک لاکھ آٹھ ہزار روپے چھین کر فرار ہو گئے،تھانہ آراے بازار کے علاقہ ہارلے سٹریٹ میں تین موٹرسائیکل سوار محمد محسن علی سے گن پوائنٹ پر 5ہزارچارسو روپے، تھانہ سول لائنز کے علاقہ پنجاب ہاؤس کے قریب دوموٹرسائیکل سوار اسد کوکب سے گن پوائنٹ پر موبائل اور 5ہزار روپے چھین کرلے گئے ،تھانہ دھمیال کے علاقہ میں موٹر سائیکل والا اشعر علی ایک لڑکے کو دھمیال روڈ لے کرآیا جہاں اس کاایک اورساتھی موٹر سائیکل پر بھی آگیا جو گن پوائنٹ پرمدعی کاموٹر سائیکل اورموبائل چھین کرلے گئے ،تھانہ پیرودھائی کے علاقہ مین پیرودھائی روڈپر نامعلوم موٹرسائیکل سوار سید مسعود شاہ کاموبائل، تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ سسکتھ روڈ پر دوموٹرسائیکل سوار حسیب کاموبائل چھین کرلے گئے ، ،تھانہ سٹی کے علاقہ لیاقت باغ میں محمد سلیمان خان کی جیب سے موبائل ،تھانہ رتہ امرال کے علاقہ ڈھوک بگیال میں مرزاارباب ارشد کاموبائل ،تھانہ رتہ امرال کے علاقہ بورنگ روڈپر ظہیراقبال کاموبائل ،تھانہ وارث خان کے علاقہ کوہاٹی بازارمیں وسیم احمد کے گھرسے دوموبائل ،کوہاٹی بازارمیں بخت زمان کے فلیٹ سے 3 موبائل، تھانہ وارث خان کے علاقہ مری روڈپر عثمان کی دکان سے موبائل ،تھانہ بنی کے علاقہ نیشنل مارکیٹ میں عزیز اخلاق کی دکان سے موبائل اور 10ہزار روپے ،تھانہ صادق آبادکے علاقہ شمس آبادمیں محمدصفدرحسین کی دکان سے موبائل اور 50ہزارروپے ،تھانہ کینٹ کے علاقہ میں راشدہ بتول کے بیگ سے 25ہزار روپے،تھانہ نصیرآباد کے علاقہ بھاٹہ چوک میں سحر بٹ کے 2 دنبے، تھانہ آراے بازارکے علاقہ ٹینچ بھاٹہ میں افضال احمد کاموبائل ،تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ میں محمد جاوید کی جیب سے نامعلوم لڑکا 10ہزار روپے نکال کراس کا ہیلمٹ ،تھانہ صدربیرونی کے علاقہ ڈھوک نورمیں طاہر محمود کی دوگائیں ،تھانہ روات کے علاقہ گارڈن سٹی فیز 7میں محمد بلال کے زیرتعمیر مکان سے بجلی کا سامان ،کیبل 226 کوائل چرا لیا گیا ۔