مختلف علاقوں سے ضعیف العمر ماں اور بیٹے سمیت 10 افراد اغواء

September 27, 2022

راولپنڈی ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) مختلف علاقوں سے ضعیف العمر ماں اوراس کے جواں سال بیٹے سمیت 10افراد کو اغواکرلیاگیا۔تھانہ پیرودھائی کوذکیہ بابرنے بتایا کہ اس کی 17 سالہ بیٹی (ب) بعمر 17 سال کو محمد مطلوب نے اپنی بیوی مہوش مطلوب اور پھوپھی زاد بھائی آصف کے ہمراہ اغواء کر لیا ۔ تھانہ وارث خان کوظہیر صادق نے بتایا کہ اس کی بیٹی (ت)عمر22سال جس کی شادی ہارون سے ہوئی ہے کو عدنان عرف لاہوری اغواء کر کے لے گیا۔تھانہ ائرپورٹ کوسلمیٰ بی بی نے بتایا کہ میری 22سالہ چھوٹی بہن (ن) کو میرے میاں نیاز ، اس کے بھائی خان محمد ،اس کے بہنوئی محب اللہ اور دو دوست شوکت اور حاجی بابو نے اغواء کر لیا ۔گھر سے طلائی زیورات اور 15ہزار روپے بھی غائب ہیں ،تھانہ واہ کینٹ کو محمد حسن نے بتایاکہ اس کی بیوی (ع) کو کسی نے اغواء کر لیا ۔تھانہ واہ کینٹ کو لیاقت اللہ نے بتایاکہ میری والدہ اور بیوی (م) میری بیٹی کو حفاظتی ٹیکہ لگوانے کیلئے بستی چوک ڈسپنسری گئے جہاں سے میری بیوی غائب ہو گئی جو میری بیٹی کو میری والدہ کو دے کر پانی پینے کا بتا کر گئی جو واپس نہ آئی ، مجھے یقین ہے کہ میری بیوی کو منور اور اس کے بھائی مناظر نے اغواء کیا ۔تھانہ صدربیرونی کو شفقت علی نے بتایا کہ سائل کی سالی (ث) عمر 73 اور انکا 35 سالہ بیٹا عمر یوسف جو 30 مئی کسی ذاتی کام سے جی10مرکز اسلام آباد گئےتھے اور اس کے بعد سے اب تک دونوں ماں اور بیٹا لا پتہ ہیں۔ تھانہ کہوٹہ کو محمد سلیم نے بتایاکہ میرا33سالہ بیٹے طاہر محمود کی شادی ڈیڑھ سال قبل (ن) سے ہوئی تھی۔ بیٹا روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب ہوتا ہے ۔میری بہو 7اپریل سے گھر سے بغیر بتائے اپنے والدین کے گھر چلی گئی۔ اس کے والدین نے ہمیں نہ بتایا کہ وہ ان کے گھر آگئی ہے مجھے پتہ چلا ہے کہ احتشام سے میری بہو نے شادی کرلی ہے جبکہ وہ میرے بیٹے کے حق نکاح میں ہے۔تھانہ کوہسار پولیس کو صدام نے بتایاکہ اسکے بھائی امتیازکا اپنے دوستوں کاشف ، نعیم، محسن سے ایک کروڑ روپے مالیت کا لین دین ہے ، بھائی نے اسے بتایاکہ وہ اپنے متذکرہ دوستوں سے ملنے جارہاہے ، دو تین گھنٹوں بعد اس کا نمبر بند ہوگیا اور تاحال اسکے بارے میں کچھ پتہ نہیں۔کراچی کمپنی کے علاقے جی نائن مرکز میں ظفر اقبال کے ملازم منصور کو عمران اور کامران سمیت 10 نامعلوم افراد نے اغواکر لیا ۔