لیسکو سوفٹ وئیر خراب، بلوں کی اقساط، تاریخ میں توسیع کا کام بند

September 27, 2022

لاہور(سپیشل رپورٹر) لیسکو میں صارفین کے بھاری رش کی وجہ سے سوفٹ وئیر خراب ، بلوں کی اقساط، ڈپلیکیٹ بلوں کے اجرا، تاریخ میں توسیع کا کام بند ہوگیا۔ ذرائع نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ کے وجہ سے صارفین کا رش بہت بڑھ گیا ہے اور گزشتہ روز دوچھٹیوں کے بعد لیسکو دفاتر کھلے تو ہزاروں کی تعداد میں صارفین اپنے بل لے کر پہنچ گئے جس کے بعد سوفٹ وئیر اچانک ڈائون ہوگیا ، سوفٹ وئیر میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے بعد صارفین کو ریونیو دفاتر بھیج دیا گیا جس پر صارفین نے شدید احتجاج شروع کردیا۔ ذرائع نے کہا کہ لیسکو سوفٹ وئیر اوولوڈ ہوگیا ہے، جس وجہ سے نئے بلوں کا اجرا ممکن نہیں رہا، بجلی کے بلوں کے سلیب ریٹ دس روپے بڑھ گئے ہیں، جس وجہ سے صارفین پریشانی کا شکار ہیں، رواں ماہ فیول پرائس ایڈجیسٹمنٹ معطل کیا گیا ہے ، ختم نہیں ہوگا۔صارفین نے کہا ہے کہ بلوں کے مسائل حل نہیں کئے جا رہے، کرنٹ بلوں کی اقساط نہیں ہو رہیں، بلوں کی ادائیگی مشکل ہوگئی ہے ۔