کراچی: CTD کی کارروائی، لشکرِ جھنگوی بلوچستان کا مفرور ملزم گرفتار

September 27, 2022

سی ٹی ڈی کے ہاتھوں کراچی سے گرفتار ہونے والا لشکرِ جھنگوی بلوچستان کا مفرور ملزم—تصویر بشکریہ CTD

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے شعبۂ تفتیش نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے لشکرِ جھنگوی بلوچستان کے مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا۔

انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کے مطابق ملزم میر علی حیدر عرف میر علی نواز کو نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے گرفتار کیا گیا ہے، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم تھانہ دشت ضلع مستونگ بلوچستان میں مفرور ہے، ملزم 2011ء میں کیری روڈ مستونگ میں پولیس مقابلے کے دوران فرار ہوا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام کا دعویٰ ہے کہ مقابلے میں ملزم کا بھائی جمال ہلاک ہوا، دوسرا بھائی مبشر 2015ء میں کوئٹہ میں مقابلے میں مارا گیا، جبکہ تیسرا بھائی یاسین بھی لشکرِ جھنگوی کا اہم کارکن ہے۔

ملزم گرفتاری کے ڈر سے روپوش تھا، جبکہ گرفتار ملزم کے دیگر بھائی ایران میں روپوش ہیں ۔

ملزم 2015ء میں بلوچستان پولیس کو متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا جو گرفتاری کے خوف سے بلوچستان سے فرار ہو کر کراچی میں روپوش ہوگیا تھا ۔

انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے یہ بھی بتایا ہے کہ گرفتار میر علی حیدر عرف میر علی نواز سے مزید تفتیش جاری ہے۔