عمران خان انسداد منشیات کے نئے قانون پر پرویز الٰہی کے معترف

September 27, 2022

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے قانون سازی کرنے پر پنجاب کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔

عمران خان نے پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں دو گھنٹے تک ملاقات کی۔

اس ملاقات میں سیاسی صورتحال،ترقیاتی منصوبوں اورصوبے کےعوام کو ریلیف دینےکے اقدامات پر گفتگو ہوئی، اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے ہر طرح کے سیاسی چیلنجز سے مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق بھی کیا۔

پرویزالہی نے عوام کو ریلیف کی فراہمی اورسیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات سے عمران خان کو آگاہ کیا۔

جس پر عمران خان نےحکومتی امور کو احسن طریقے سے چلانے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو سراہا اور ساتھ ہی پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام تر کوششوں کو بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔

اُنہوں نے تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے پرویز الٰہی کی جانب سے کی گئی کوششوں کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ ’شاباش چوہدری صاحب! نوجوان نسل کو تباہی سے بچانے کے لیے کیا گیا آپ کا یہ اقدام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘۔

ذرائع کے مطابق، پرویز الٰہی نے عمران خان کو بتایا کہ ورلڈ بینک نے انسداد منشیات کے منصوبے کے لیے فنڈز فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔

اس موقع پر عمران خان نے آڈیو لیکس کے معاملے پر کہا کہ نئی آڈیو لیکس نے مسلم لیگ ن کی قیادت کا اصل چہرہ ایک بار پھر بے نقاب کردیا ہے۔