شاہ رخ خان کو بھارتی سپریم کورٹ سے ریلیف مل گیا

September 27, 2022

فائل فوٹو

بالی ووڈکے سُپر اسٹار شاہ رخ خان کو بھارتی سپریم کورٹ سے ریلیف مل گیا، ان پر 2017ء میں بنایا گیا کیس خارج کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’رئیس‘ کے پروموشن کے دوران سال 2017ء میں بھگدڑ سے ایک شخص کی ہلاکت اور کچھ لوگوں کے زخمی ہونے سے متعلق بنایا گیا کیس سپریم کورٹ نے ختم کردیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گجرات میں ہوئے اس واقعے پر شاہ رخ خان کے خلاف کانگریس کے رہنما نے عدالت میںکیس دائر کیا تھا جس پر کنگ خان نے گجرات ہائی کورٹ میںکیس ختم کرنے کی اپیل دائر کی تھی جسے منظور کرلیا گیا تھا۔

اداکار کے خلاف شکایات کو ختم کرنے کے لیے گجرات ہائی کورٹ میں ایک درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ اداکار کی جانب سے کوئی جرم نہیں کیا گیا، مرنے والا شخص کو دل کی بیماری تھی اور اس کی موت دیگر وجوہات کی وجہ سے ہوئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 27 اپریل 2022 کو گجرات ہائی کورٹ نے شاہ رخ خان کے خلاف کرمنل کیس ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کی رہنما نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

واضح رہے کہ سال 2017ء میں شاہ رخخان نے فلم کی پروموشن کے لئے پروڈکشن ٹیم کے ہمراہ ممبئی سے دہلی تک ٹرین میں سفر کیا تھا۔ اس دوران ٹرین متعدد اسٹیشنوں پر رُکی۔

گجرات میںایک اسٹیشن پر ٹرین رکنے کے بعد شاہ رخ خان کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے لوگوں کا رش لگ گیا تھا۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ فلم’ رئیس‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی کیمسٹری کو سرحد کے دونوں اطراف خوب پسندکیا گیا تھا۔ فلم باکس آفس پر بھی کامیاب ثابت ہوئی تھی۔