بیٹنگ کے لیے بابر کو لاہور پسند، انگلینڈ کے خلاف کیا کریں گے؟

September 27, 2022

فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی لاہور میں کارکردگی کو دیکھتے ہوئے شائقین نے ان سے کافی امیدیں وابستہ کرلی ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈکے درمیان 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کراچی میں مکمل ہوگئے جس کے بعد اب دونوں ٹیموںکے درمیان 3 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

بابر اعظم نے رواںسال مارچ میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹمیچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔ انہوں نے پہلی اننگز میں67 اور دوسری اننگز میں55 رنز بنائے تھے۔

اس کے بعد لاہور میں ہی 29 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں بابر اعظم نے 57 رنز بنائے جبکہ دو دن بعد31 مارچ کو پاکستان کے اسٹار بیٹر نے آسٹریلیا کے خلاف 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

اس طرحدوبارہ دو دن بعد آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تیسرے ون ڈے میں بھی بابر اعظم نے سنچری اسکور کی۔ اس سیریز میں کپتان کو پلیئر آف دی سیریز کا بھی ایوارڈدیا گیا تھا۔

اس کے بعد لاہور میں 5 اپریل کو کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں 66 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈکے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر ہے اور باقی رہ جانے والے 3 میچز 28 ستمبر، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول ہیں۔