عاطف اسلم کا آشا بھوسلے کیساتھ جھگڑا کیوں ہوا؟

September 27, 2022

فائل فوٹو

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے بھارتی گلوکارہ آشا بھوسلے کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں ہیں۔

عاطف اسلم نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک شو میں بطور مہمان شرکت کی ۔

اُنہوں نے اس شو میں پڑوسی ملک بھارت میں کام کرنے کے اپنے تجربےکے بارے میں بات کی۔

اس شو میں میزبان احمد علی بٹ نے عاطف اسلم سے لیجنڈ بھارتی گلوکارہ آشاہ بھوسلے کے ساتھ ہونے والے جھگڑے کے بارے میں بھی پوچھا۔

اُنہوں نے اس سوال کےجواب میں کہا کہ’شروع میں جس شو کا ہم حصّہ تھے اس کی وجہ سے میرا ان کے ساتھ جھگڑا ہو گیا تھا‘۔

اُنہوں نے اعتراف کیا کہ’ہمارے ایک دوسرے سےاچھے تعلقات نہیں تھے اور ایسا کچھ عرصے تک چلتا رہا‘۔

عاطف اسلم نے بتایا کہ ’کیونکہ آشا بھوسلے کی بیٹی میری مداح ہیں تو اس لیے اُنہوں نے مجھے کال کرکے کہا کہ ان کی بیٹی نے ان سے پوچھا ہے کہ اُنہیں اتنے خوبصورت آدمی سے مسئلہ کیوں ہے؟‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’آشا بھوسلے نے اپنی بیٹی کی وجہ سے سب کچھ بھول کر مجھے معاف کردیا ہے اور یہ ایک طرح سے ان کا بڑا پن تھا جس سے میں بہت متاثر ہوا‘۔

یہ جواب سن کر احمد علی بٹ نے پوچھا کہ’کیا یہ جھگڑا شو کے اسکرپٹ کا حصّہ تھا یا حقیقیت تھا؟‘

عاطف اسلم نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ ’یہ جھگڑا حقیقت تھا اور اس کی وجہ سے شو کی 4 سے 5 گھنٹے تک کے لیے ریکارڈنگ روکنی پڑی‘۔

البتہ، پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کی بہت سی درخواستوں کے بعد ریکارڈنگ دوبارہ شروع کردی گئی۔

اُنہوں نے کہا کہ’اس دن کے بعد سے آج تک سوشل میڈیا پر بھارت میں میرے کام کا اعتراف کیاجاتا ہے اور اس بات کو تسلیم کیا جاتا ہے کہ فنکار کا اپنا بھی ایک اسٹیٹس ہوتا ہے‘۔