بلوچستان: 11 یونین کونسلوں میں ضمنی بلدیاتی انتخابات، پولنگ جاری

September 27, 2022

—فائل فوٹو

بلوچستان کے 4 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

بلوچستان میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے موسیٰ خیل، مستونگ، دکی اور لورالائی کی 11 یونین کونسلوں کے 57 وارڈز میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا۔

موسیٰ خیل کی 4 یوسیز کے 28 وارڈز، مستونگ کی 4 یوسیز کے 22 وارڈز، دکی کی 2 یونین کونسلوں کے 6 وارڈز اور لورالائی کی 1 یو سی کے 1 وارڈ میں پولنگ ہو رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گا۔

چاروں اضلاع کے 57 وارڈز میں 59 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں 353 افراد پر مشتمل پولنگ کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر عبدالقیوم شینوانی کے مطابق ضمنی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیے گئے ہیں۔

تمام 57 وارڈز میں مجموعی طور پر ووٹرز کی تعداد 34 ہزار 919 ہے جہاں 223 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن اسلام آباد میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

اس کےعلاوہ صوبائی الیکشن کمیشن آفسز اور متعلقہ اضلاع میں بھی کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔

بلوچستان کے ان 57 وارڈز میں بارش اور سیلاب کی وجہ سے پولنگ مؤخر کی گئی تھی۔