الیکشن کمیشن کی سیاسی شخصیت کے لگائے گئے الزامات کی مذمت اور تردید

September 27, 2022

—فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی شخصیت کی طرف سے لگائے گئے الزامات کی الیکشن کمیشن مذمت اور تردید کرتا ہے۔

جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسے غیر ذمے دارانہ الزامات بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں، الیکشن کمیشن کسی دباؤ کے بغیر آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔

اعلامیے میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کروانے کا معاملہ الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔

جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق الیکشن 2 ہی صورتوں میں ہو سکتے ہیں، اسمبلیاں مدت پوری کر چکی ہوں یا وزیرِاعظم اسمبلی کو تحلیل کر دیں۔

الیکشن کمیشن نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ فی الحال ایسی کوئی صورتِ حال موجود نہیں ہے، الیکشن کمیشن کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ شفاف الیکشن کو یقینی بنائے۔

اعلامیے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب بھی الیکشن ہوں گے شفاف الیکشن کو یقینی بنایا جائے گا۔