”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی ایڈوانس بکنگ کا جمعہ سے آغاز، فلم 13 اکتوبر کو ریلیز ہوگی

September 28, 2022

کراچی (جنگ نیوز) انتظار کی گھڑیاں ختم اور اُلٹی گنتی شروع ہوگئی، انسائیکلومیڈیا اور لاشاری فلمز کے بینر تلے ”جیوفلمز“ کی پیشکش، پاکستان کی مہنگی ترین فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“کی ایڈوانس بکنگ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پاکستان میں اس فلم کیلئے جمعہ 30/ستمبر شام 7 بجے سے ایڈوانس بکنگ شروع کی جائے گی۔ یہ فلم 13 اکتوبر سے ملک بھر کے تمام معروف سینما گھروں کی زینت بنے گی لہٰذا بے قرار شائقین اب اپنی پسندیدہ فلم کو دیکھنے کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ کراسکتے ہیں۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ 1979 کی کلاسک فلم کا ری بوٹ ہے۔ فلم کی کہانی مولا جٹ اور اس کے قدیم دشمن نوری نتھ پر مشتمل ہے۔ فلم کے مرکزی کرداروں کے پوسٹرز پہلے ہی ریلیز کئے جاچکے ہیں جنہوں نے پوری دنیا میں کافی مقبولیت حاصل کرلی ہے۔ دُنیا بھر کے ناظرین اس فلم کو دیکھنے کیلئے بے قرار ہیں۔ ناروے میں اس فلم کو دیکھنے کیلئے اسکرینوں کی فروخت تقریباً مکمل ہوچکی ہے۔ فلم میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، عمیمہ ملک، مرزا گوہر رشید، فارس شفیع اور علی عظمت سمیت پاکستان کی بڑی اسٹار کاسٹ شامل ہے۔ ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کے ذریعے نا صرف فواد خان کی بڑے پردے پر واپسی ہورہی ہے بلکہ ماہرہ خان اور فواد خان کی آن اسکرین جوڑی کو بھی خوب پسند کیا جارہا ہے۔ بین الاقوامی معیار کی VFX مہارت کے ساتھ اس فلم کو اس منفرد انداز سے تخلیق کیا گیا ہے جو پاکستان میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی، اس لئے فلم کی ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم کا ہر منظر دیکھنے والے اپنی نشستوں سے اُٹھ نہیں پائیں گے۔ فلم کو سندھ سنسر بورڈ کی جانب سے پی جی ریٹنگ کے ساتھ ریلیز کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ایوارڈ یافتہ ہدایت کار بلال لاشاری نے اس فلم کیلئے ہدایات دی ہیں جو فلم ”وار“ کے حوالے سے اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ اسے عمارہ حکمت نے انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کے مشترکہ منصوبے کے تحت AAA موشن پکچرز کے تعاون سے پروڈیوس کیا ہے۔فلم سازوں نے ”جیوفلمز“ کے ساتھ اس فلم کی پارٹنر شپ کی ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا میڈیا گروپ اور پاکستانی سنیما کی بحالی میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر کام کررہا ہے۔ یہ فلم 13 اکتوبر کو ”جیوفلمز“کے تعاون سے ملک اور بیرون ملک ایک ساتھ ریلیز ہوگی۔ مقامی طور پر اس فلم کو مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے ندیم مانڈوی والا کی طرف سے تقسیم کیا جائے گا جو پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے کئی دہائیوں میں اپنی کوششوں اور کام کیلئے مشہور ہیں جبکہ بین الاقوامی سطح پر یہ فلم مووی گوورز انٹرٹینمنٹ کی جانب سے ڈسٹری بیوٹ کی جائے گی۔