اڈیالہ جیل تشدد کیس: جیل عملے کی معطلی کیخلاف درخواست خارج

September 28, 2022

فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰه کے اڈیالہ جیل دورے کے بعد جیل عملے کی معطلی کے خلاف درخواست خارج کر دی گئی۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰه نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیس اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں ہے، یہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، یہ ایک بڑا مسئلہ ہے۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس نے وکیل سے سوال کیا کہ میں آپ کو بتاؤں یہ لوگ وہاں قیدیوں کے ساتھ کیا کرتے ہیں؟

درخواست گزاروں کے وکیل علی بخاری نے کہا کہ آپ کی بات درست ہے لیکن جو لوگ ملوث تھے انہیں چھوڑ دیا گیا، جو بے گناہ تھے اور ملوث نہیں تھے انہیں معطل کیا گیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰه کا کہنا ہے کہ ہیومن رائٹس کمیشن اس معاملے پر کام کر رہی ہے، کمیشن کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے اڈیالہ جیل عملے کی معطلی کے خلاف درخواست خارج کر دی۔