کراچی میں تیزاب گردی، شہری کا جسم جھلس گیا

September 28, 2022


کراچی کے علاقے صدر میں تیزاب پھینکنے کے نتیجے میں ایک شہری شدید جھلس گیا جسے ٹریفک پولیس اہلکار نے موٹر سائیکل پر بٹھا کر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزم نے ایک شہری پر تیزاب پھینکا جس سے اس کے کپڑے اور جسم کے کچھ حصے جھلس گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے دوران تیزاب کے چھینٹے پڑنے سے اسکول کے 2 بچوں اور ان کے والد کے کپڑے بھی متاثر ہوئے تاہم وہ محفوظ رہے۔

تیزاب گردی کا نشانہ بننے والے شہری کی شناخت سامنے نہیں آ سکی جسے موقع پر موجود ٹریفک پولیس اہلکار نے موٹر سائیکل پر بٹھا کر اسپتال منتقل کیا۔

اس سلسلے میں موصول ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متاثرہ شخص موبائل فون پر کسی کو اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں آگاہ کر رہا ہے۔

پولیس کے مطابق اس سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔