کراچی کے مختلف علاقوں میں اچانک سیکیورٹی ہائی الرٹ

September 28, 2022

کراچی کے مختلف علاقوں میں اچانک سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

کراچی پولیس چیف کے احکامات پر ضلع ملیر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ 12 مقامات پر اسنیپ چیکنگ جاری ہے، نیشنل ہائی وے سمیت حساس مقامات پر شاہین فورس کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ مشکوک گاڑیوں، موٹر سائیکلوں پر سوار افراد کی چیکنگ جاری ہے، چیکنگ پوائنٹس پر مشکوک افراد پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ بائیو میٹرک ڈیوائس سے مشکوک افراد کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، شہری مشکوک شخص کی اطلاع ون فائیو پر دیں، نام راز میں رکھا جائے گا۔

ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ضلع شرقی میں بھی کئی مقامات پر ناکہ بندی اور چیکنگ کی جارہی ہے، جیل چورنگی، لسبیلا، نمائش چورنگی، مزار قائد، طارق روڈ لبرٹی چوک، جیل پارک، لال قلعہ، محمود آباد میں کارپوریشن گیٹ پر چیکنگ جاری ہے۔

عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اقراء یونیورسٹی، بہادرآ باد چار مینار، گلشن اقبال اشفاق میموریل اسپتال، ڈسکو بیکری، ابو الحسن اصفہانی روڈ، سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹری ایریا میں بھی ناکہ بندی کی گئی ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ، سپر ہائی وے سبزی منڈی، ڈیفنس ویو، نیو ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ اسٹریٹ کرمنل اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن کی بھی تیاری کرلی گئی ہے اور ایسٹ کے مختلف علاقوں میں شاہین فورس بھی متحرک کر دی گئی۔