اسلام آباد: برٹش ایئر ویز کی لندن کیلئے پرواز میں خرابی، واپس لینڈنگ

September 29, 2022

—فائل فوٹو

برٹش ایئر ویز کی اسلام آباد سے لندن کے لیے پرواز نے فنی خرابی پیدا ہونے کے باعث واپس لینڈنگ کی ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز بی اے 260 دوپہر 11 بج کر 34 منٹ پر اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئی۔

پائلٹ نے اڑان کے نصف گھنٹے بعد وادیٔ دیر کے قریب ایک انجن میں آواز زیادہ محسوس کی، طیارے کے پائلٹ نے صورتِ حال سے ایک ٹریفک کنٹرول کو آگاہ کیا۔

ایئر ٹریفک کنٹرول نے پائلٹ کو واپس اسلام آباد میں لینڈنگ کی ہدایت کی، جس کے بعد طیارہ 1 گھنٹے بعد واپس اسلام آباد کی حدود میں پہنچ گیا۔

ایوی ایشن ذرائع نے بتایا ہے کہ بوئنگ 787 طیارے کی دوبارہ فوری لینڈنگ کے لیے فیول ضائع کیا گیا۔

برٹش ایئر ویز کی پرواز 30 منٹ تک اسلام آباد پر نچلی پرواز کرتی رہی، پرواز بی اے 260 نے 1 بج کر 04 منٹ پر اسلام آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کی ۔

اب اسلام آباد ایئر پورٹ پر مذکورہ طیارہ واپس آ گیا ہے، جس کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔