ریفرنڈم، شہریوں نے فیول ایڈجسٹمنٹ اور میونسپل چارجز کو مسترد کردیا

September 30, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کے تحت 6روزہ ”عوامی ریفرنڈم“کے بعد ادارہ نورحق میں ،60فیصد گنتی کا عمل مکمل ہوگیا ، 98فیصد شہریوں نے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز اور میونسپل چارجز کومسترد کیا ہے،اس موقع پر امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کے الیکٹرک کا فارنزک آڈٹ ہوگا تو تمام جماعتوں میں شامل سہولت کار بے نقاب ہوجائیں گے، جماعت اسلامی نے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے خلاف عدالت میں پٹیشن دائر کی تھی جس کی سماعت 6 اکتوبر کو ہو گی، قانونی جدوجہد کے ساتھ ساتھ آئینی اور جمہوری راستہ اختیار کرتے ہوئے عوامی ریفرنڈم بھی کروایا،اب تک جتنے بھی نتایج آچکے ہیں سب نے سو فیصد کے الیکٹرک کے لائسنس منسوخ کرنے پر اتفاق کیا ہے،عوام نے جماعت اسلامی کی رائے سے اتفاق کیا ہے کہ ناجائز چارجز لگ کر آئیں گے تو بل جمع نہیں ہوں گے،ہم عدالت میں بھی عوام کی رائے رکھیں گے،انہوں نے کہاکہ مرتضیٰ وہاب کے ایم سی کے میونسپل چارجز کے ذریعے 3ارب روپے سے ترقیاتی کام کروانا چاہتے ہیں،وہ بتائیں کہ انفرااسٹرکچر ٹیکس اور موٹر وہیکل ٹیکس کے اربوں روپے کہاں خرچ کیے گئے؟ سائن بورڈ زکے اربوں روپے کے ایم سی کے پاس کیوں نہیں جاتے؟