ہالینڈ میں سفیر پاکستان کی طلبہ، تاجروں اور آئمہ مساجد سے ملاقات

September 30, 2022

دی ہیگ(نمائندہ جنگ)ہالینڈ میں سفیر پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے ہالینڈ میں طلباء، تاجروں اور آئمہ مساجد سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں حالیہ شدید سیلاب کے باعث سیکڑوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ 1.2 ملین مکانات، 13074 کلومیٹر سڑکیں، 392پل اور 18ڈیموں کو نقصان پہنچاہے،اس کے علاوہ10 لاکھ مویشی ہلاک اور 5.4ملین ایکڑ رقبہ پر کاشت فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں اور ہالینڈ کی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 3.5ملین یورو کے ریلیف پیکیج سمیت دیگر ممالک سے ملنے والی امداد کی اہمیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے ہالینڈ میں مقیم پاکستانیوں کو وطنِ عزیز میں جاری امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے فنڈز جمع کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ مزید فنڈز اکٹھاکرنے کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھائیں۔ شرکاء نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور پاکستانی کمیونٹی، این جی اوز، طلباء اور مذہبی تنظیموں کو اس کارِ خیر کے لیے متحرک کرنے کی اپیل کی۔