بلجیم پولیس کی انتہا پسند گروپ کے خلاف کارروائی، ایک شخص ہلاک

September 30, 2022

برسلز(نمائندہ جنگ) بلجیم میں پولیس کی جانب سے دائیں بازو کے انتہا پسند گروپ کے خلاف کارروائی کے دوران ایک شخص ہلاک ہوگیا ، اس دوران پولیس نے 6 افراد کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ اور لڑائی کی دیگر اشیاء بھی بر آمد کی ہیں، یہ بات بلجیم کے وزیر انصاف ونسینٹ فان کوئیکین بورن نے ذرائع ابلاغ کو بتائی، انہوں نے کہا کہ بلجیم کی ریاستی سلامتی کے ادارے اور کو آرڈینیشن یونٹ فار تھریٹ انیلیسز (OCAM) طویل عرصے سے اس بات پر قائل ہیں کہ بلجیم میں دائیں بازو کی انتہا پسندی عروج پر ہے، اس حوالے سے سلامتی کے اداروں نے 60 انتہا پسندوں کی نشاندہی کر رکھی تھی جو ریاست مخالف لڑائی کیلئے ہتھیار جمع کر رہے تھے، اس حوالے سے گذشتہ روز پولیس نے دارالحکومت برسلز سے ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع میرکسم( Merksem ) سمیت کئی علاقوں میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ میرکسم میں چھاپے کے دوران پولیس پر فائرنگ کی گئی، جوابی فائرنگ میں ایک شخص ہلاک اور 6 افراد گرفتار کر لئے گئے۔ چھاپے کے دوران مختلف طرح کے 100 ہتھیار، بڑی تعداد میں گولیاں، آرمر جیکٹس، نائٹ وژن اور تھرمل وژن گاگلز بھی برآمد ہوئی ہیں۔ دوسری جانب پولیس نے وزیر انصاف کو موت کی دھمکیاں ملنے پر ان کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔