پاکستان نژاد نوجوان بلال شاہد امریکی شہر لیورمور کا ہیرو قرار

September 30, 2022

کیلیفورنیا (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لیور مورمیں پاکستانی نوجوان بلال شاہد کو بزرگ شہری کی جان بچانے پر شہر کے میئراور سٹی کونسل کی جانب سے ’شہر کا ہیرو‘ قرار دے دیا گیا۔رواں سال اپریل میں امریکی شہر لیور مور میں پاکستانی نوجوان بلال شاہد نے 72سالہ بزرگ شہری کی جان بچائی تھی جس پر مقامی پولیس نے پاکستانی نوجوان کو ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔پاکستانی نوجوان کو ایوارڈ دینے کی تقریب لیور مور کے سٹی ہال میں منعقد ہوئی جس میں شہر کے میئر، سٹی کونسل اور پولیس چیف جرمے ینگ سمیت کئی ارکان شریک تھے جبکہ تقریب میں بزرگ شہری کی فیملی بھی موجود تھی۔تقریب میں پاکستانی نوجوان کو شہر کا ہیرو قرار دیا گیا اور ساتھ ہی اعزاز سے بھی نوازا گیا۔بلال شاہد کو تعریفی اسناد شہر کے پولیس چیف نے پیش کیں اور اس دوران ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ تقریب کے دوران ہی بزرگ شہری کے خاندان کے افراد نے پاکستانی نوجوان کا شکریہ ادا کیا اور تحائف بھی پیش کیے۔ اس حوالے سے پاکستانی نوجوان بلال شاہد کا کہنا تھاکہ بزرگ کو اپنی فیملی کے ساتھ زندہ دیکھنا ہی میرے لیے اعزاز ہے اور میں نے ایک جان بچا کر پوری انسانیت کی جان بچائی ہے۔واقعے کے حوالے سے نوجوان نے بتایا کہ اہلیہ کے ساتھ کافی شاپ کیلئے نکلا تھا اور بزرگ راستے میں زمین پر گرے ہوئے تھے اور ان کو آواز دینے پر بزرگ نے کوئی جواب نہ دیا تو ایمرجنسی سروس پر فون کیا۔انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی کال پر آپریٹر نے دل کی دھڑکن اور سانس کو بحال کرنے کے ہنگامی طریقہ کار (سی پی آر) دینے کا کہا جس پر میں نے کہا کہ مجھے سی پی آر نہیں دینا آتا جس پر آپریٹر نے مجھے طریقہ بتایا اور میں نے سی پی آر دینا شروع کیا اور چند منٹ بعد ہی طبی عملہ پہنچ گیا تھا۔بلال شاہد کا کہنا تھاکہ واقعے کے دو ہفتے بعد بزرگ شہری کا خاندان ہمیں تلاش کرتے ہوئے پہنچ گیا تھا اور انہوں نے مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔خیال رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے بلال شاہد امریکا کے شہر لیورمور میں کئی سالوں سے مقیم ہیں۔