عمران خان نے خارجہ پالیسی اور معیشت کو نقصان پہنچایا، بلاول

September 30, 2022

اسلام آباد،واشنگٹن(نامہ نگار خصوصی،این این آئی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے خارجہ پالیسی اور معیشت کو نقصان پہنچایا،اس وقت الیکشن کا مطالبہ سیلاب زدگان کی زندگیوں سے کھیلنے کے برابر ہے، امریکا کا دورہ کامیاب رہا، آج کے اور 6ماہ پہلے کے پاکستان میں واضح فرق نظرآرہا ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ اسد مجید اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں،غیر ذمہ دارانہ کام خان صاحب نے کیا، غلطی عمران خان کرے اور سزا اسد مجید کو دوں،یہ نا انصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے خا رجہ تعلقات کو نقصان پہنچایا،سیلاب متاثرین کی مدد پہلا اور سیاست بعد کا کام ہے، سیلاب متاثرین کیلئے جتنا بھی کیا جائے ناکافی ہو گا، پاکستان اور بھارت کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مل کر کام کرنا چاہیے، امریکا کے دورے کا اولین مقصد سیلاب متاثرین کی مدد رہا، سیلاب کے علاوہ ہمارا ایجنڈا امریکا کے ساتھ تعلقات کی بہتری تھا، تجارت، زراعت اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں مزید پیشرفت کا امکان ہے، سیلاب سے بڑی تباہی آئی ہے، پورے پاکستان کو مل کر مقابلہ کرنا ہو گا ، سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ہمیں جتنی بھی مدد ملی اس پر دنیا کے شکرگزار ہیں،قبل ازیں وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے رینکنگ ممبر سینیٹر جیمز رِش اور امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر رابرٹ مینینڈیز سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، انہوں نے 66.1 ملین ڈالر کی امریکی امداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مزید بہت کچھ ضرورت ہے کیونکہ ابتدائی تخمینہ 30 ارب ڈالر سے زیادہ کے نقصانات کی نشاندہی کرتا ہے ، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ سیلاب کی تباہ کاریوں کے ساتھ ساتھ یہ انسانی صحت، خوراک کی حفاظت اور اقتصادی جہتوں کا ایک پیچیدہ بحران ہے۔