ہائی کورٹ:پولیس ملازمین کیخلاف درخواست پر انکوائری کا حکم

September 30, 2022

ملتان( سٹاف رپورٹر)ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس صادق محمود خرم نے تھانہ چھب کلاں ضلع خانیوال کی پولیس گردی کے خلاف امجد علی کی رٹ پیٹیشن نمٹاتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیٹیشنر کی پولیس ملازمین کے خلاف درخواست پر انکوائری کرائیں اور ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کرائیں۔ جسٹس محمد امجد رفیق نے قتل کے مقدمہ میں پولیس کی رپٹ پر ٹرائل کورٹ میں جرح روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جب مدعی رپٹ سے انکاری ہے اور پولیس مدعی کی درخواست برائے اندراج رپٹ پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔جسٹس امجد رفیق نے آر پی او ملتان کو ہدایت کی ہے کہ وہ محبوس نوجوان کو پولیس کی تحویل سے لے کر3اکتوبر کو عدالت عالیہ میں پیش کریں۔ ہائیکورٹ ملتان بنچ نے معروف صنعت کار شیخ عبدالحمید کی آئی جی پنجاب اور دیگر پولیس حکام کے خلاف دو مختلف درخواستوں پر سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔پیٹیشنر کی دادرسی نہ کرنے پر ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس شکیل احمد نے انسپیکٹر جنرل پولیس پنجاب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے ایک ہفتہ میں جواب طلب کیا ہے۔