سیلاب متاثرین کی بحالی تک جدوجہد جاری رکھیں گے، جماعت اسلامی خواتین

September 30, 2022

کوئٹہ(پ ر) جماعت اسلامی خواتین ونگ پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطیہ نثار،ڈپٹی جنرل سیکرٹری ثمینہ سعید ،جماعت اسلامی خواتین بلوچستان کی ناظمہ شازیہ عبداللہ،الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کی صدریاسمین اچکزئی ،روبینہ علی نے کہاکہ بلوچستان کی خواتین نے اپنے پریشان حال سیلاب متاثرین کیساتھ مالی تعاون کرکے ہمارے حوصلے بلند کیے مخیر خواتین وطالبات اور عوام الناس نے دل کھول کر عطیات دیے انشاء اللہ یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سریاب میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم خیمہ بستی کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع تقریب بھی منعقدکی گئی جس سے جماعت اسلامی خواتین کی رہنماؤں نے کہاکہ حالیہ بارشوں سے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بہت زیادہ جانی ومالی نقصانات ہوئے بلوچستان پہلے ہی غربت بے روزگاری اورپریشانی ومشکلات کا شکار تھا خشک سالی کی وجہ سے زراعت ،کرونا کی وجہ سے معیشت تباہ ہوئی۔ اب رہی سہی کسرسیلاب وبارش نے پوری کردی ۔ گھریلو خواتین سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگ سیلاب کی وجہ سے بہت زیادہ متاثروپریشان ہیں لوگوں نے کئی سالوں کی جمع پونجی سے گھر بنائے تھے جو سیلاب کی نظرہو گئے اب وہ متاثرین بھی خیموں میں یاکھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ انسانی جانوں کیساتھ مال مویشی کھڑی فصلیں اور ہر چیزسیلاب نے تباہ کردیاہے ۔الخدمت فاؤنڈیشن نے سب سے پہلے اور سب سے بڑھ کر سیلاب متاثرین کو بچانے ،ان کی مددکرنے اور ان کی بحالی کیلئے بہترین کام کیے جماعت اسلامی والخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانوں کی خدمت کیلئے پیش پیش ہے ہم انشاء اللہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔