زیرِ زمین انسولیشن کی مرحلہ وار تنصیب

October 02, 2022

یہ کہنا بجا ہے کہ جدید زندگی کا شاید ہی کوئی ایسا پہلو موجود ہو جس پرٹیکنالوجی اثر انداز نہ ہوئی ہو۔ تکنیکی پیشرفت نے تعمیراتی منظر کے پہلوؤں کو بھی تبدیل کردیا ہے۔ جن کاموں کو مکمل کرنے میں مہینوں لگتے تھے وہ اب معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر کچھ دن میں ہی مکمل کرلیے جاتے ہیں۔

اب کیمرے سے لیس ریموٹ کنٹرول ڈرونز تعمیراتی سائٹس کے سروے میں مدد کرتے ہیں، ڈیجیٹل بلیو پرنٹ ایپس منصوبوں کا نقشہ بنانے میں آرکیٹیکٹس کو مدد دیتی ہیں اور متعدد تعمیراتی مقاصد کیلئے کمپیوٹر کی سہولت والے ڈیزائن سافٹ ویئر ایک مفصل 3Dماڈلز تیار کرتے ہیں۔ ان سہولیات کی وجہ سے تعمیراتی مراحل بآسانی آگے بڑھتے ہیں۔ اسٹرکچر کھڑا ہونے کے بعد خودکار گیٹ سے لے کر ریموٹ کنٹرول لائٹنگ تک تمام تر خصوصیات ہماری زندگی میں سہولتوں کا اضافہ کرتی ہیں۔

پاکستان میں تعمیراتی میدان میں تازہ ترین جدت رہائشی منصوبوں میںفرش کے نیچے انسولیشن (Underfloor insulation)دیکھنے میں آرہی ہے۔ یہ ایک پائیدار اور ماحول دوست حرارتی حل ہے، جو مالکان کو پُرسکون رکھتا ہے جبکہ ان کے بجلی کے بل میں بھی نمایاں کمی لاتا ہے۔ سردیوںمیںفرش کو گرم اور گرمیوںمیںاسے ٹھنڈا رکھنے کے لئے انڈر فلور ہیٹنگ نظام ترتیب دیا جاتا ہے، جس کے لیے یا تو بجلی استعمال کی جاتی ہے یا پھر ہائیڈرونک نظام۔ فرش کے نیچے انسولیشن دراڑوں(Air draught) کو بند کرکے حفاظتی تہہ کا کام کرتی ہے۔

ہائیڈرونک نظام میں کسی بھی بلک(Bulk) یا فوائل (Foil) انسولیشن کا انتخاب کیا جاسکتاہے۔ دونوںقسم کی انسولیشن ​گھر کے جدید ڈیزائن میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی رہی ہیں۔ جیسا کہ پہلے ذکر ہوا کہ فرش کے نیچے انسولیشن نہ صرف بلوں کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے بلکہ گرمی سے بھی بچاتی ہے۔

انسولیشن درجہ حرارت کو برقرار رکھنے اور اس کی تبدیلیوں کو روکنے میں بھی مدد کرتی ہے۔ فرش کے نیچے کی جانے والی انسولیشن بخارات میں رکاوٹ پیدا کرتی اور نمی کو کم کرتی ہے۔ اگر آپ گھر تعمیر کروارہے ہیںتو زیر نظر مضمون میں فرش کے نیچے انسولیشن کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں مرحلہ وار مشورے دیے جارہے ہیں۔

پہلا مرحلہ: بنیادی کام

پہلے مرحلہ میںاس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ فرش کی سطح دھول مٹی اور ملبے سے پاک ہے۔ اگلا قدم تھرمل انسولیشن بورڈ کی انسٹالیشن سے پہلے کسی موزوں پرائمر کی مدد سے سطح کو برابر کرنا ہے۔ پولی آئیسوسیانوریٹ (Polyisocyanurate) ایک تھرموسیٹ پلاسٹک ہے جو فوم کی شکل میں ہوتا ہے، اس میں انسولیشن بورڈ گرمی کو حاصل کرتا اور اسے فرش کی سطح کی طرف دھکیل دیتا ہے جس سے وہ گرم رہتا ہے۔ اسی طرح انسولیشن بورڈ گرمیوں میںٹھنڈک حاصل کرتا ہے، جس سے فرش ٹھنڈا رہتا ہے۔

دوسرا مرحلہ: سطح واٹر پروف بنانا

اگلے مرحلہ میں تھرمل انسولیشن کی شیٹ کو سِیل کرنے کے لئے واٹر پروف ٹیپ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ایک سخت سِیل نیچے کی سمت میں گرمی یا ٹھنڈک کوضائع ہونے سے بچاتی ہے۔ پہلی سطح کو احتیاط سے سِیل کرنے کے بعد ایک پولی تھین کی جھلی بچھا دی جاتی ہے جو ممکنہ رسائو کو روکتی ہے۔

تیسرا مرحلہ:پی وی سی پائپ انسٹال کرنا

تیسرے مرحلہ میں پی وی سی پائپوں کو خاص ترتیب سے بچھادیا جاتاہے۔ یہ خاص ترتیب کم سے کم نقصان کے ساتھ حرارت کی یکساں تقسیم کی اجازت دیتی ہے۔ پانی50ڈگری سینٹی گریڈ تک گرم ہوتا ہے اور بند لوپ گرمی یا ٹھنڈک کے نظام کے ذریعے محفوظ اورکم دباؤ میں گردش کرتی ہے۔

چوتھا مرحلہ: فرش کی سطح بنانا

آخر میں فرش کی سطح کی اوپری سلیب کو پی پی سی کنکریٹ استعمال کرتے ہوئے بنایا جاتا ہے۔ فنکشنل ٹچز سلیب مکمل طور پر مکسچر ڈالنے کے بعد بنائے جاتے ہیں۔ اس میں عام طور پر سنگ مرمر یا لکڑی کی تنصیب شامل ہوتی ہے۔

اہم نکات

فرش کے نیچے انسولیشن کو مؤثر ثابت کرنے کے لئے معماروں کو مندرجہ ذیل نکات کو ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے۔

٭ انہیںاس پر غور کرنا چاہیے کہ رہائشی منصوبے کیلئے کس قسم کی انسولیشن بہتر طور پر کام کرتی ہے۔

٭ بلک انسولیشن سرد موسم میں بہتر کام کرتی ہے جبکہ گرم موسم میں فوئل انسولیشن زیادہ مؤثر رہتی ہے۔

٭ پی وی سی پائپوں کیRویلیو ایک اہم نشاندہی ہو تی ہے، جو فرش کے نیچے انسولیشن کی کارکردگی کو متاثر کرتی ہے۔ یہ گرمی یا ٹھنڈک کے بہاؤ کے لئے مٹیریل کی مزاحمت کی پیمائش کرتی ہے۔ ایک اعلیٰ R ویلیو کا مطلب ہے کہ گرمی کی منتقلی کے لئے زیادہ سے زیادہ مزاحمت ہے، جس کے نتیجے میں زیادہ مؤثر انسولیشن ملتی اور کافی حد تک توانائی کی بچت ہوتی ہے۔

٭ انسولیشن کی تنصیب کے مرحلے کے دوران ، اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ ٹیپ کے ذریعے فرش کے نیچے انسولیشن مضبوطی سے محفوظ کی گئی ہو۔ اس سے یہ بات یقینی ہو جاتی ہے کہ فرش کے نیچے اور انسولیشن کے درمیان ہوا کا کوئی خلا نہیں ہے۔

٭ اسلام آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں زیر تعمیر عمارتوں کے لئے ہائیڈرونک نظام سب سے زیادہ موزوں ہے۔

ان تمام باتوںپر عمل کرکے انسولیشن والی آب و ہوا سے بھرپور جدید گھر کی تخلیق سامنے آئے گی۔