سازش کا ماسٹر مائنڈ فارن فنڈڈ فتنہ عمران خان ہے، مریم نواز

October 01, 2022

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جتنی بار آڈیو سنیں گے تو آپ کو پتا چلے گا ملک کے ساتھ کتنا بڑا کھیل کھیلا گیا، میں اس شخص کو اپنے گھر کے باہر والے دروازے سے بھی اندر نہ آنے دوں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے عوام کو کل ریلیف ملا ہے، مسلم لیگ ن کی جتنی بھی آڈیوز آجائیں کبھی ملک کے خلاف کوئی بات سننے کو نہیں ملے گی، پاکستان کی سلامتی پر مسلم لیگ ن کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ اس کے جھوٹ گنوانے پر آؤں تو صبح ہو جائے گی اس کے جھوٹ ختم نہیں ہوں گے، جب اس کو پتا چلا اس کے اپنے ممبران خلاف ہوگئے ہیں تو ساز ش سازش شروع کر دیا، مجھے پہلے دن سے پتا تھا یہ جھوٹ بول رہا ہے، اس صدی کا سب بڑا جھوٹا عمران خان ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ سازش کا ماسٹر مائنڈ فارن فنڈڈ فتنہ عمران خان ہے، یہ صرف سازش نہیں ہوئی یہ ٹیمپرنگ ہوئی ہے، اس نے کہا ٹرانسکرپٹ کا لوگوں کو کیا پتا، سازش بنا دو، آپ نے پاکستان کے حساس دستاویز کے ساتھ جعل سازی کی، سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاؤس سے غائب ہے، جاتے جاتے پانی کی 2 ہزار بوتلوں کے ساتھ سائفر بھی لے گئے۔

مریم نواز نے کہا کہ آپ نے قوم کے سامنے کھڑے ہوکر جھوٹ بولا، اپنے حکومت جانے پر آپ نے بہانہ گاڑھنا تھا، آپ نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے خلاف سازش کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے بتایا کوئی ملک پاکستان کو خط لکھنے کو تیار نہیں، وزیراعظم نے مجھے بتایا دوسرے ممالک پاکستان سے بات کرنے سے ڈرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ آپ نےجھوٹی سازش کی آڑ میں لوگوں کو بتایا پاکستان ایک غلام ملک ہے، سازش کبھی تھی ہی نہیں، قومی سلامتی کے معاملے پر عمران خان کہتے ہیں اس پر کھیلنا ہے، یہ ہے عمران خان کی 25 سال کی جدوجہد، آڈیوز اس فتنہ کےخلاف پوری فرد جرم ہے، یہ شخص پاکستان میں فتنہ پیدا کرکے باہر سے ڈالرز لیتا رہا، پاکستان کے دشمنوں سے کروڑوں روپے عمران خان نےاپنی جیب میں ڈالے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ دیکھ لیں، عمران خان نے جاتے جاتے آئین توڑ دیا، پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سے آپ کے خلاف فیصلہ آیا کہ آپ نےآئین توڑا، فارن فنڈڈ کے علاوہ آپ نے جاتے جاتے آئین توڑا، اس شیطانی ذہن کے ہاتھوں پاکستان کی قوم 4 سال سے یرغمال بنی ہوئی ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ہم کوئی خوشی خوشی آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل نہیں کر رہے، یہ عمران خان نے کی تھی، جی سی یونیورسٹی میں گیا ہوا تھا، بچوں کو پتا چل گیا کہ سازش کس نےکی، لوگوں کو درس دے رہا ہےہمیں آزادی چاہیے، لیکن کہتا ہے ہم نے نام نہیں لینا، 25 ہزار ڈالر پر امریکا سے ایک فرم ہائر کی ہے کہ امریکا سے تعلقات ٹھیک کروا دیں، آپ کہتے ہیں امریکا نے آپ کے خلاف سازش کی، تو کیا آپ اس سے جاکر معافیاں مانگیں گے؟ آپ نے پاکستانی قوم کو بے وقوف سمجھ رکھا ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ تقریر میں اس نے خاتون جج زیبا صاحبہ کو للکارا، جس غلطی پر تم پکڑے جاؤ اس پر معافی مانگ لو جو نہ پکڑی جائے وہ ٹھیک ہے، غداری کا جو لیبل عمران خان کے ماتھے پر لگا ہے وہ کسی وزیراعظم کو نہیں لگا، عمران خان کہتے ہیں امریکا کا نام نہیں لینا پھر نام لے لیا، عمران خان جس غلطی پر پکڑے جاتے ہیں اس پر معافی مانگتے ہیں، عمران خان کی آڈیوز سے حیرانگی نہیں ہوئی۔

مریم نواز نے کہا کہ جب نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کیے ان کو بھی دھمکیاں اور لالچ دیا گیا ہوگا، نواز شریف کو بھی فون اور سائفر آئے ہوں گے انہوں نے دھماکوں کے وقت کہا ایبسولوٹلی ناٹ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جانور بھی اپنے مالک سے وفا کرتا ہے، تم نے تو اپنے ملک سے بھی وفا نہیں کی، ٹرمپ کے گھر پرچھاپا مار کر دستاویزات برآمد کیے گئے، رانا ثناء اللّٰہ صاحب، بنی گالہ میں بھی چھاپا پڑنا چاہیے، یہ کھیل کھیل میں ملک سے کھیل گئے، سائفرکی آڑ میں کھیل کھیلا گیا جو کبھی سائفر تھا ہی نہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ جو دو، دو تین، تین بار وزیراعظم بنے کیا ان کے سینے میں راز نہیں ہیں؟ نواز شریف نے 5 ارب ڈالرز کی آفر ٹھکرا دی، اسے کہتے ہیں ایبسلوٹلی ناٹ، یہ ملک ہے کوئی اسٹیڈیم نہیں، آپ نے ملک کے سفارتی تعلقات خراب کر دیے، سازش کی آڑ میں آپ نے میر جعفر، میر صادق اور جانور کے لقب دیے، وہ سازش جو کبھی ہوئی نہیں اس سازش کی آڑ میں آپ نے شہدا کو نشانہ بنایا، آپ نے ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کے خلاف سازش کی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میر جعفر بھی تم ہو، میر صادق بھی تم ہو اور جانور بھی تم ہو، تم نے اپنے مفادات کی خاطر ملک کو بھینٹ چڑھا دیا، قانون کے ہاتھ جو غدار کے گریبان تک پہنچنے چاہیے تھے وہ نہیں پہنچے، مجھےاپنی حکومت سے بھی شکوہ ہے، کیوں قانون کے ہاتھ اس کے گریبان تک نہیں پہنچتے؟ میں یہ نہیں کہتی کہ اس پر ایفی ڈرین کا کیس بنا دو، اس نے پاکستان کے خلاف سازش کے لیے فارن فنڈنگ لی، یہ ہوگا کسی کا لاڈلا ہمارا لاڈلا نہیں ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ اس نے پاکستان کے اہم ادارے میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی، حیران ہوں میں اپنے اوپر بھی اس ملک کے سسٹم پر بھی، تم ہوتے کون ہو جس سے کوئی مشورہ کرے، اس کا اصل چہرہ عوام کو دکھائیں اور اسے کیفر کردار تک پہنچائیں، جو شخص خود اعتراف گناہ کر رہا ہے اس کے بعد آپ کو کیا ثبوت چاہیے۔