ٹی ٹوئنٹی ویمنز ایشیا کپ 2022 کا میلہ بنگلہ دیش میں سج گیا

October 02, 2022

بنگلہ دیش کی سرزمین پر اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ویمنز ایشیا کپ 2022 کا میلہ سج چکا ہے، جس میں 7 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

2014 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد سلہٹ کرکٹ اسٹیدیم خواتین کے بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کر رہا ہے اور 2018 اکتوبر کے بعد بنگلہ دیش کا یہ پہلا انٹرنیشنل ویمنز ایونٹ ہے۔ 2018 میں پاکستان ویمنز ٹیم نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا۔

تاہم رواں ایونٹ میں پاکستانی ٹیم نے ملائیشیا کو 9 وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ میںفاتحانہ آغاز کردیا، گرین شرٹس پیر کو دفاعی چیمپئن بنگلہ دیش کے خلاف مدِمقابل ہوگی۔

بنگلہ دیش نے افتتاحی میچ میں تھائی لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی جبکہ بھارت نے سری لنکا کیخلاف 41 رنز سے فتح حاصل کی۔

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ پہلی بار 2012 میں منعقد ہوا تھا اور آخری ایڈیشن 2018 میں ہوا تھا۔ 2020 میں ایشیا کپ بنگلہ دیش میں ہونا تھا تاہم کوویڈ-19 کی وجہ سے 2021 تک ملتوی کر دیا گیا بعد ازاں 2022 میںکروانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا چوتھا ایڈیشن یکم اکتوبر سے شروع ہوگیا ہے جس میں بنگلہ دیش کو اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ہے جس نے 2018 میں کوالالمپور میں سنسنی خیز مقابلے میں بھارت کو شکست دی تھی۔

خیال رہے کہ 2004، 2005، 2006 اور 2008 تک ایشیا کپ 50 اوورز فارمیٹ میںکھیلے جاتے تھے۔

ایشیا کپ 2022 میں بھارت، پاکستان، تھائی لینڈ، سری لنکا، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات اور میزبان بنگلہ دیش کی ٹیمیں راؤنڈ رابن فارمیٹ میں آمنے سامنے ہیں۔

ہر ٹیم چھ میچ کھیلے گی، جس میں سرفہرست چار ٹیمیں دو سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

پچھلے دو ایڈیشنز میں چھ ٹیمیں شامل تھیں، لیگ مرحلے میں سرفہرست دو ٹیموں نے براہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

ایشیا کپ 2022 میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم پہلی بار شرکت کر رہی ہے، متحدہ عرب امارات نے کوالیفائنگ راؤنڈ، ایشین کرکٹ کونسل ویمنز ٹی 20 چیمپئن شپ کے فائنل میں میزبان ملائیشیا کو شکست سے دوچار کر کے ایشیا کپ میںرسائی حاصل کی۔

جہاں ایشیا کپ ہو، وہاں پاک بھارت کا ٹکراؤنہ ہو، یہ ممکن نہیں، دونوں ٹیمیں 7 اکتوبر کو ٹکرائیں گی۔

پاک بھارت ٹیمیں دو بار ایشیا کپ کے فائنل میں مد مقابل آئیں اور دونوں ہی بار گرین شرٹس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان ویمنز ٹیم ابھی تک ایشین چیمپئن بننے سے محروم ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کا میچ بھی دلچسپ ہو سکتا ہے اور تھائی لینڈ ویمنز ٹیم بھی پاکستان ویمنز ٹیم کو آنکھیںدکھا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ 2020 آئی سی سی ورلڈکپ میں پہلی بار شرکت کرنے والی ٹیم تھائی لینڈ نے پاکستان کو تین وکٹوں پر 150 رنز بنا کر ڈرا دیا تھا، تاہم بارش نے تھائی لینڈ کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا۔

رواں ایونٹ میں پاکستان ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کر رہی ہیں لیکن نوجوان فاسٹ بولر فاطمہ ثناء کی عدم موجودگی ٹیم کے لیے ایک دھچکا ہے۔

فاطمہ ثناء سی پی ایل کے دوران ٹخنہ موڑنے کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوئیں، پاکستانی اسکواڈ میں تجربہ کار آل راؤنڈرز ندا ڈار اور عالیہ ریاض موجود ہیں۔

دوسری جانب انجری سے چھٹکارا پانے والی جائمہ روڈ ریگز بھارتی ٹیم میں واپس آئیں جبکہ ریچا گھوش کو بھی بھارتی ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

بھارت کو سب سے زیادہ 6 بار ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بھارت نے چار 50 اوورز فارمیٹ اور دو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میںٹائٹل جیتے۔

بھارت کی سابق کپتان متھالی راج کو سب سے زیادہ 588 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ نیتو ڈیوڈ نے سب زیادہ 26 وکٹیں لی ہیں۔

اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے سیمی فائنلز 13 اکتوبر اور فیصلہ کن معرکہ 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔