پنجاب حکومت کا غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

October 03, 2022

لاہور(خبرنگار)سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کارروائیوں کا فیصلہ کرلیاگیاہے - نجی ہاؤسنگ سکیم کے نام پر 50 ارب روپے کا فراڈ کیاگیا - غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمسے 10سے 15ہزار لوگ متاثر ہوئے ہیں،انہوں نے ان خیالات کااظہا پریس کانفرنس میں کیا-سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ غریب عوام کے اربوں روپے لوٹ کر قبضہ مافیاکا سرغنہ پرائیویٹ جہازوں میں گھوم رہاہے - پیسے کے زور پر لوگوں کی کردار کشی کررہاہے -وہ جان لیں اس کا واسطہ ایک ورکرکے ساتھ پڑا ہے کسی رئیس زادے کے ساتھ نہیں جو ڈرکر بھاگ جائے -آپ آج کل وفاقی حکومت کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور جس کا دم چھلہ بنے ہوئے ہیں قوم جانتی ہے - انہوں نے ہاؤسنگ سکیم کی توسیع کے بارے میں 2012 میں درخواست دی - ایل ڈی اے نے زرعی اراضی ہونے کی بناء پر درخواست مستردکردی - سیکرٹری ہاؤسنگ نے بھی اپیل خارج کردی کیونکہ ماسٹر پلان 2004ء کے مطابق یہ گرین ایریا تھا جہاں کوئی عمارت تعمیر نہیں کی جاسکتی تھی -پھر یہ کورٹ میں چلے گئے اور حکم امتناع لے لیا-اس غیر قانونی رہائشی سکیم میں ترقیاتی کام بھی کرواتے رہے۔ علیم خان ایک طرف پی ٹی آئی اور دوسری طرف ن لیگ کے جلسے کرا رہے تھے -وہ سمجھتے تھے کہ میرے بغیر پی ٹی آئی چل نہیں سکتی - ایک پریس ریلیز کے مطابق شعیب صدیقی اپنے ردعمل میں کہا کہ پنجاب حکومت سراسر انتقامی کاروائیوں پر اتر آئی ہے اور رات کے اندھیرے میں ایسی گھناؤنی واردات کی گئی ہے جس کا کسی طور بھی کوئی جواز نہیں تھا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ابھی تک یہی طے نہیں کر پائی کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کا یہ معاملہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی(روڈا)کے زیر انتظام ہے یاپھریہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی یعنی ایل ڈی اے کے دائرہ اختیارمیں آتا ہے کیونکہ پارک ویو سٹی کو یکم ستمبر کو پہلے روڈا کی طرف سے اور بعد ازاں 14ستمبر کو ایل ڈی اے کی طرف سے نوٹس بھیجا گیا۔