امام الحق نے کرکٹ شائقین سے کیا درخواست کی؟

October 03, 2022

فائل فوٹو

قومی کرکٹر ٹیم کے کھلاڑی امام الحق نے کرکٹ شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ کھلاڑیوں پر آوازیں نہ کسیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر امام الحق نے ایک ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ آوازیں کسنے سے کھلاڑیوں کی صحت پر برا اثر پڑتا ہے۔

امام الحق کا کہنا ہے کہ آپ جس طرح سپورٹ کرتے ہیں اسی طرح سپورٹ کرنے کی کوشش کریں، نتیجہ کچھ بھی ہو کرکٹرز کو سپورٹ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آپ اور ملک کے لیے ہی کھیلتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی اننگز کے دوران قذافی اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں پر آوازیں کسی گئی تھیں۔

انگلینڈ نے پاکستان کو آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر 7 میچوں کی سیریز جیت لی۔

مہمان ٹیم نے آخری میچ میں 67 رنز کے بھاری مارجن سے قومی ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں 3-4 سے کامیابی حاصل کی۔