آمدنی میں کمی، نرسوں کے ریکارڈ تعداد میں این ایچ ایس چھوڑنے کا انکشاف

October 04, 2022

لندن (پی اے) نرسیں ریکارڈ میں این ایچ ایس چھوڑ رہی ہیں۔ اعدادو شمار سے پتہ چلا ہے کہ نرسوں کی ریکارڈ تعداد انگلینڈ میں این ایچ ایس چھوڑ رہی ہیں۔ بی بی سی کے لیے نفلیڈ ٹرسٹ تھنک ٹینک کے تجزیے کے مطابق گزشتہ سال40ہزار سے زائد نرسوں نے این ایچ ایس چھوڑ دی جو9ورک فورس میں ایک ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ان میں بہت ساری اکثر انتہائی ہنرمند تھیں اور ان کے لیے بہت کام باقی تھا۔ تاہم ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیش رفت جاری ہے اور حکومت پہلے ہی اس پارلیمنٹ کے دوران50 ہزار نرسوں کے اضافے کے لیے اپنے ہدف کے نصف راستے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ورک فورس اسٹرٹیجی جلد شائع کی جائے گی، جس میں یہ وضع کیا جائے گا کہ این ایچ ایس کس طرح آنے والے برسوں میں نرسوں کو بھرتی اور انہیں برقرار رکھے گی۔ تاہم ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ جب تک این ایچ ایس کو چھوڑنے میں اضافے کو روکنے کے لیے کچھ نہیں کیا جاتا حکومت اپنے ہدف کو پورا کرنے میں مشکل کا شکار ہوسکتی ہے۔ تھنک ٹینک کے ڈاکٹر بلی پالمر نے کہا ہے کہ اسٹریس اور کام اور زندگی کے درمیان عدم توازن نرسوں کو این ایچ ایس چھوڑنے پر مجبور کررہے ہیں۔ تجزیے سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ برطانیہ کے دوسرے علاقوں کو بھی اسی صورت حال کا سامنا ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں این ایچ ایس چھوڑنے والی نرسوں کا تناسب بھی یہی ہے جبکہ ویلز اور شمالی آئر لینڈ کے اعدادو شمار دستیاب نہیں ہے۔ دریں اثناء این ایچ ایس کے منیجرز وارننگ دے رہے ہیں کہ مصارف زندگی کے بحران کے باعث صورت حال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ این ایچ ایس پرووائیڈز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کے اضافے پر آمدنی میں کمی ہیلتھ سروس کی نرسوں اور دوسرے اسٹاف کو جاب چھوڑنے یا دوسرے فیصلوں پر مجبور کررہی ہے۔ این ایچ ایس پرووائیڈرز کی مریم ڈیکن نے کہ ہے کہ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی شخص آن لائن کیلئے یا سپر ماریکٹوں میں کام کرکے زیادہ کما سکتا ہے۔ تازہ ترین اعدادو شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ نرسنگ کی ہر دس پوسٹوں میں ایک خالی ہے۔