لیبر رہنما کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے عملی کردار ادا کریں، راجہ نجابت حسین

October 04, 2022

لیورپول (غلام مصطفیٰ مغل) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداران کی مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں مضبوط لابی کرنے کے لئے برطانوی سیاسی جماعت لیبر پارٹی کی ”لیورپول“میں ہونے والی سالانہ کانفرنس میں شرکت۔راجہ نجابت حسین بانی چیئرمین جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے تحریک کے تمام عہدیداران کو خصوصی ٹاسک دے دیا۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداران کونسلر یاسمین ڈار چیئرپرسن برطانیہ، ہیری بوٹا ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن، ذیشان عارف چیئرمین یوتھ ونگ برطانیہ و دیگر نے لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس کے پہلے دن ہی اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنا کر لابی مہم تیز کر دی۔ کانفرنس کے پہلے دن تحریک کے عہدیداران نے لیور پول میں منعقد ہونے والی برطانوی سیاسی جماعت لیبر پارٹی کے اہم رہنماؤں اور لیبر پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کر کے مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں اپنی لابی مہم مزید تیز کر دی۔ تحریک کے عہدیداران نے جن رہنماؤں سے ملاقات کی ان میں لیبر پارٹی کے لیڈرکیئر سٹارمر ایم پی، ڈپٹی لیڈر آف لیبر پارٹی انجیلا رائنر ایم پی، سابق لیڈر جیریمی کوربن ایم پی، جان ہیلی ایم پی،فریزر واش ڈائریکٹر گورننس و لیگل یونٹ لیبر پارٹی،انجیلا ایگل ایم پی، پریت گِل ایم پی، ڈیوڈ لیمی ایم پی شیڈو فارن سیکرٹری، ریبیکا لانگبیلی ایم پی، رچرڈ برگن ایم پی، ڈاکٹر روزینہ علی خان ایم پی، میئر آف گریٹر مانچسٹر و دیگر شامل ہیں۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداران نے لیبر پارٹی کے تمام مرکزی رہنماؤں کو مقبوضہ کشمیر میں جاری سنگین انسانی صورتحال اور بھارت کی جانب سے سے ڈھائے جانے والے مظالم کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ تحریک کے عہدیداران نے لیبر پارٹی کے تمام اعلیٰ سطح کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر اور آزادجموں کشمیر کا دورہ کر کے تمام صورتحال کو اپنی آنکھوں سے ملاحظہ کریں اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے برطانوی پارلیمنٹ میں جاندار آواز بلند کریں اور کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے بغیر کسی تاخیر کے آزادی دلوانے کے لئے اور کشمیریوں کو ان کا اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حق خود ارادیت دلوانے کیلئے اپنا بھرپور عملی کردار ادا کریں۔ تحریک کے عہدیداران نے لیبر پارٹی کے تمام شرکاء کانفرنس کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور زیادہ سے زیادہ ممبران برطانوی پارلیمنٹ و دیگر عہدیداروں کو اپنا ہمنوا بنا کر مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کے لئے انتہائی مضبو ط لابی مہم شروع کر رکھی ہے۔ تحریک کے تمام عہدیداروں نے اپنی سرگرمیاں مذید تیز کر دی ہیں اور برطانوی لیبر پارٹی کے تمام اعلی عہدیداروں کے ساتھ قریبی روابط استوار کئے جا رہے ہیں اور پہلے سے قائم روابط کو مذید مضبوط بنانے کے لئے کام کیا جا رہا ہے تا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں اور برطانیہ کے تمام شہروں میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے سلسلہ میں، عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب فوری طور پر مبذول کروانے کے سلسلہ میں اور مسئلہ کشمیر کافوری اور مستقل حل تلاش کرنے کے لئے لابی مہم میں تیز ی لائی جا سکے۔دریں اثناء جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کا وفد بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں برطانوی سیاسی جماعت کنزرویٹو پارٹی کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کے لئے برطانیہ کے شہر برمنگھم روانہ ہو چکا ہے۔ وفد کے شرکاء میں ٹی وی اینکر ثمینہ خان، سابق کونسلر محبوب احمد، تحریک کی ویسٹ مڈ لینڈ کی چیئر پرسن آسیہ حسین و دیگر شامل ہیں۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کا وفد کنزرویٹو پارٹی کی سالانہ کانفرنس کے دوران مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں بھرپور لابی کرے گا اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ و کنزرویٹو پارٹی کے مرکزی عہدیداران کو آگاہ کیا جائے گا تا کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے حق میں آوازیں بلند کر سکیں۔ راجہ نجابت حسین نے تمام برٹش کشمیریوں اور پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ برطانیہ کی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے تمام ممبران برطانوی پارلیمنٹ، وزراء، وزیر خارجہ اور دیگر عہدیداران کو خطو ط بھی تحریر کریں اور خود بھی ملاقاتیں کر کے مقبوضہ کشمیر کے حالات سے آگاہ کریں اور بھارت کی جانب سے جاری کشمیریوں کی نسل کشی کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہی دیں تا کہ برطانیہ کی حکمران جماعت اپنا اثر رسوخ استعمال کر کے بھارت پر دباؤڈالے اور کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی مل سکے اور اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت بھی حاصل ہو سکے۔ برطانیہ میں تعینات پاکستان ہائی کمشنر معظم احمد خان بھی برطانوی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کر کے مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں اور پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے امداد و دیگر تعاون کے سلسلہ میں بھرپور لابی کریں گے۔