روس نے سلامتی کونسل میں اپنے خلاف قرارداد ویٹو کردی

October 04, 2022

ماسکو (نیوز ڈیسک) روس نے سلامتی کونسل میں پیش کردہ اپنے خلاف قرارداد ویٹو کردی۔ قرارداد میں مقبوضہ یوکرنی علاقوں میں ریفرنڈم اور روس سے الحاق کو غیرقانونی قرار دیا گیا تھا اور تمام ممالک سے یوکرین کی سرحدوں میں کسی تبدیلی کو تسلیم نہ کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق قرار داد میں 10ممالک نے روس کے خلاف ووٹ دیا جب کہ بھارت، چین، برازیل اور گیبون نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق خلاف توقع اس بار بیجنگ نے ماسکو کی حمایت نہیں کی ،جس کے باعث اب اس قرارداد کو جنرل اسمبلی میں پیش کیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب یوکرینی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ہزاروں روسی فوجیوں کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یوکرین کی فوجیں ہفتے کے روز مشرقی گڑھ لائمن کے داخلی دروازے پر پہنچ گئی ہیں اور انہوں نے روسی فوج کو نرغے میں لے لیا ہے۔ یہ پیش قدمی کریملن کی طرف سے یوکرینی علاقوں کوروس میں ضم کرنے کے اعلان کا جواب ہے۔ یوکرینی صدر کے چیف آف اسٹاف کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک وڈیو میں لائمن کے سرحدی قصبے پر یوکرینی پرچم نصب کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ یوکرینی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ روس کے لائمن میں تقریبا ساڑھے 5ہزار فوجی موجود ہیں،ادھر روسی وزارت دفاع نے فوری طورپراس دعوے پر کوئی جواب نہیں دیا۔