تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ویسٹ مڈلینڈ میں فنڈ ریزنگ ڈنر

October 04, 2022

برمنگھم(نمائندہ جنگ) علامہ افضل سعیدی نے تحریک منہاج القرآن برطانیہ کے زیر اہتمام ویسٹ مڈلینڈ میں فنڈ ریزنگ ڈنر کا انعقاد کیا جس میں ویسٹ مڈلینڈز سمیت برطانیہ بھر کے دیگر شہروں سے منہاج القرآن کے ذمہ دار افراد نے شرکت کی،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری کے ویژن کے مطابق نوجوان نسل کی برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم کے ساتھ بہترین تربیت کرنا مقصود ہے تاکہ وہ اسلام کے حقیقی چہرے کو اجاگر کر سکیں، ہماری نوجوان نسل نے آنے والے کل میں ہماری نمائندگی کرنی ہے، مدینۃ الزہرا انسٹی ٹیوٹ مستقل لیڈرشپ کے ساتھ ان میں پائی جانے والی صلاحیتوں کو نکھار کر سامنے لاتا ہے۔ مدینۃ الزہرا بریڈ فورڈ میں ایسا انسٹیٹیوٹ ہےجو نوجوانوں میں دینی شعور کی بیداری اور آنے والے کل کےلیے مستقبل کے معماروں کو دیگر کیمونٹیز کے ساتھ مل کر زندگی گزارنے کے بنیادی اصولوں کے لیے کوشاں ہے۔ تقریب میں طاہر علی ایم پی،سابق لارڈ میئر خواجہ محمود، علامہ اشفاق عالم سمیت سیاسی ، سماجی، کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحریکی نوجوانوں نے مدینۃ الزہرا کی تھری ڈی سٹرکچر اور پلاننگ کی تصویر کشی کی ،فنڈ ریزنگ میں خطیر رقم جمع کی گئی ۔ڈائریکٹر علامہ افضل سعیدی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری کے نظریے پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانےکیلئے مدینہ الزہرہ یوکے اور یورپ کا سب سے بڑا انسٹی ٹیوٹ ہو گا۔