مریم نواز اور صفدر اعوان پر مقدمے جھوٹے تھے، شاہد تنویر بٹ

October 04, 2022

اوسلو(ناصر اکبر)پاکستان مسلم لیگ ن ناروے کے زیراہتمام نائب صدر مریم نواز اور ان کے خاوند کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کے اسلام آباد ہائیکورٹ سے بری ہونے پر اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر خالدنذیربٹ ،صدر شاہد تنویر بٹ ،راجہ منصور احمد ، عادل منصور ،منور حسین ڈار، ذوالفقار احمد گوندل،رانا محمد اکرم،رفاقت علی، فضل الہی اور دیگر نے شرکت کی ۔اس موقع پرپاکستان مسلم لیگ ن کے عہدیداران اور کارکنان نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی اورمٹھائیاں تقسیم کیں۔ روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد تنویر نے کہا کہ میں اللہ پاک کا شکر گزار ہوں کہ اللہ پاک کی مدد سے ہماری لیڈر مریم نواز اور ان کے خاوند کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کواسلام آباد ہائیکورٹ نے مقدمات سے بری کیا، شاہد تنویر نے کہا کہ سارے پاکستان کو معلوم تھا کہ یہ ایک سیاسی مقدمہ ہے اوراس طرح کے سیاسی مقدمے ہمارے دوسرے لیڈران پر عمران خان کی حکومت نے نیب کے ذریعے بنائے تھے جو عدم ثبوت کے باعث آہستہ آہستہ ختم ہو رہے ہیں،ہم اب بھی میاں محمد نواز شریف کے بیانیے ووٹ کو عزت دو کے ساتھ کھڑے ہیں ،شاہدتنویر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پاکستان واپسی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اسحاق ڈار کی واپسی سے پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو گی اور میاں نواز شریف بھی اسی طرح سرخرو ہوں گے اور جلد پاکستان واپس جائیں گے، پاکستان ایک بارپھر انشاء اللہ میاں نواز شریف کی قیادت میں اپنی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔