شہر میں ڈکیتی کی وارداتیں، پولیس بے بس، لاکھوں کے زیورات، نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا

October 04, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتیں بڑھ گئیں ، پولیس بے بس، ملزمان لاکھوں روپے کے طلائی زیورات، پاکستانی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار،تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک تین میں واقع بنگلے میں تین مسلح ملزمان اہل خانہ کو یرغمال بنا کر نقدی، غیر ملکی کرنسی اور 16 تولہ طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے ، ملزمان سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈنگ سسٹم بھی لے گئے،پولیس حکام کے مطابق واردات میں ڈالرز، پاکستانی کرنسی اور 16تولہ سونا لوٹاگیا،جبکہ ڈاکو فرار ہوتے ہوئے بنگلے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا سسٹم بھی ہمراہ لے گئے،تاہم گھر کا دروازہ کھلا تھا یا ملزموں کے پاس ڈپلیکیٹ چابی تھی اس حوالے سے پولیس تحقیقات کر رہی ہیں ،جبکہ بنگلے کا کرائم سین یونٹ نے بھی معائنہ کیاواردات کی تحقیقات جاری ہیں،علاوہ ازیں اتحاد ٹاؤن تھانےکی حدود گلشن غازی میں لعل ولی موبائل مارکیٹ سے پیر کی علی الصباح 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4ملزمان چوکیدار کو اسلحہ کے زور پر زدوکوب کر کے5دکانوں کے تالے توڑ کر موبائل فونز اور نقد رقم لے کر فرارہو گئے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھاجاسکتاہے کہ ملزمان نے دکانوں کے تالے کٹر کی مدد سے کاٹ کر واردات کی ۔دریں اثنا مسلح ملزما ن عزیزآباد تھانے کی حدود کریم آبا د میں میں واقع چائے کے ہوٹل میں بیٹھے ہوئے 4افراد سے لاکھوں روپے نقد، موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے ، اطلاع ملنے پر مددگار 15پولیس نے موقع پر پہنچی تاہم ڈاکو فرار ہوچکے تھے ، یاد رہے کہ مذکورہ ہوٹل سے کچھ عرصہ قبل بھی ڈاکو 25 افراد سے موبائل فون اور لاکھوںروپے نقد چھین کر لئے گئے تھے، واضح رہے کہ عزیزآباد پولیس صرف حسین آبادفوڈ اسٹریٹ پر مبینہ جیب گرم کرنےمیں مصروف نظر آتی ہے جبکہ رات گئے تک اس سڑک پربد ترین ٹریفک جام رہتا ہے۔