کے الیکٹرک کی اونر شپ سے متعلق سندھ کو اعتماد میں لیا جائے، امتیاز شیخ

October 04, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی اونر شپ کسی دوسری کمپنی کو منتقل کرنے سے پہلے سندھ حکومت کو اعتماد میں لیا جائے، کےالیکٹرک کی اونر شپ/شیئرز کسی دوسری کمپنی کو منتقل کرنے کی خبر کی تحقیق کررہے ہیں تاہم سندھ حکومت اپنے صوبے کے عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے، سندھ حکومت ایسے ہر معاملے میں کراچی کے عوام کے آئینی حقوق کا تحفظ کرے گی،انہوں نے کہا کہ کےالیکٹرک کے حوالے سے کراچی کے شہریوں اور دیگر ذرائع ابلاغ سے تمام شکایات ملتی رہتی ہیں اور سندھ حکومت ان شکایات کے ازالے کے لئے کےالیکٹرک، نیپرا اور وفاقی حکومت سے متواتر رابطے میں بھی رہتی ہے، اس لئے کے الیکٹرک کے بارے میں کسی بھی فیصلے کے وقت سندھ حکومت سے منظم مشاورت نہایت ضروری امر ہے،امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو پیشگی خط لکھ کر یہ بات باور کرادی جائے گی کہ کےالیکٹرک کے مستقبل کے بارے میں کسی بھی فیصلے کے وقت سندھ حکومت کو باقاعدہ مشاورت میں شامل کیا جائے۔