شدت پسند طاقتوں کا راستہ روکنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے، ایم ڈبلیو ایم

October 04, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مولانا باقر زیدی، علامہ صادق جعفری ،علامہ حیات عباس نجفی و دیگر نے کہا ہے کہ ذاکر نوید عاشق کو دہشت گردی کا نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیکورٹی اداروں کی نااہلی قرار دیا ہے، ملک میں ایک بار پھر شیعہ ٹارگٹ کلنگز کا منظم آغاز کیاجا رہا ہے اور دہشت گرد عناصر کے پشت پناہ حکومت کے اندر موجود ہیں،ملکی سالمیت و بقا کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے زیر اہتمام خراسان تا نمائش چورنگی نکالی گئی ریلی کے شرکا سےخطاب کرتے ہوئے کیا ، مقررین نے کہا کہ شدت پسند طاقتوں کا راستہ روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے ہوں گے،قانون وانصاف کے تقاضوں کی راہ میں تعصب، مسلکی سوچ اور جانبداری جیسی چیزوں کو رکاوٹ نہ بننے دیا جائے،انہوں نے نوید عاشق کے قاتل اور دیگر ذمہ داران کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا کا مطالبہ کیا ہے،مقررین نے کابل میں معصوم بچیوں پر ہونے والے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دِیا ہے۔