12 ربیع الاول کے جلوسوں کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری

October 04, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں 12ربیع الاول کے جلوسوں کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے،ٹریفک پولیس کے مطابق دعوت اسلامی کا جلوس 2:30 بجے شہید محمد مسجد کھارادر سے روانہ ہوگا، جلوس پلاسٹک مارکیٹ، لائٹ ہائوس، جامع کلاتھ سے ہوتا ہوا مسجد گلزار حبیب پہنچے گا، دوسرا جلوس 2:30 بجے میمن مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا اور آرام باغ پر اختتام پذیر ہوگا، لی مارکیٹ، کرین چورنگی، مائی کولاچی سے ایم اے جناح روڈ تک سڑک ٹریفک کے لیے بند رہے گی، کیماڑی سے جناح بریج آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا، یونیورسٹی روڈ سے آنے والے ٹریفک کو جیل روڈ فلائی اوور کے نیچے سے ایم اے جناح روڈ جانے کی اجازت نہیں ہوگی،پیپلز چورنگی سے عائشہ منزل جانے والے ٹریفک کو شارع قائدین اور صدر کوریڈور 3 کی جانب جبکہ گرومندر سے ایم اے جناح روڈ پر آنے والے ٹریفک کو بنوریہ ٹائون سے سینٹرل جیل موڑا جائے گا،ٹریفک کو لسبیلہ، برنس روڈ سے ایم اے جناح روڈ اور شارع قائدین سے سوسائٹی سگنل آنے ، نشتر روڈ سے براستہ رنچھوڑ لائن کھارادر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، شہری پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔