سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس، وفاقی وزیر سائنس کی عدم حاضری پر آدھے گھنٹے میں طلبی

October 04, 2022

اسلام آباد (ساجد چوہدری)سینٹ کی قائمہ کمیٹی نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کو جو پچھلے چار اجلاسوں میں شریک نہیں ہوسکے تھے کو آدھے گھنٹے میں کمیٹی اجلاس میں طلب کر لیا اور طبیعت ناساز ہونے پر اگلے دس منٹ میں واپس جانے کی اجازت دیدی گئی ، قائمہ کمیٹی سائنس و ٹیکنالوجی کا پیر کو اجلاس شروع ہی ہوا تھا کہ چیئرمین قائمہ کمیٹی سنیٹر سردار شفیق ترین نے وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی غلام محمد میمن سے استفسار کیا کہ منسٹر صاحب آج پھر نہیں آئے ، آپ نے انہیں پیغام دیدیا تھا ، کمیٹی کی یہ پانچویں میٹنگ ہے کہ وزیر نہیں آئے، وہ کمیٹی کو سنجیدہ نہیں لے رہے ہیں ، آدھا گھنٹہ دیتا ہوں وہ پہنچ جائیں نہیں تو سمن کرونگا پھر اچھی بات نہیں ہو گی ، وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی نے کمیٹی کو بتایا کہ انہوں نے وفاقی وزیر کو پیغام دیدیا تھا ، سنیٹر محمد ہمایوں مہمند نے کہا کہ وفاقی وزیر کو کمیٹی کو اہمیت دینی چاہئے اگر وہ نہیں دیتے تو یہ صحیح نہیں۔