آرمی چیف تقرری، ہم بلاوجہ ایک باؤلے کو اہمیت دے رہے ہیں، فضل الرحمٰن

October 04, 2022

ملتان (نیوز ایجنسیاں) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے تقرر کا فیصلہ وزیراعظم نے کرنا ہے، میرٹ پر اور آئین کے مطابق کرنا ہے،پی ٹی آئی مشاورت کے قابل ہی نہیں، آرمی چیف کی تقرری کے معاملہ پر ہم بلا وجہ ایک بائولے کو اہمیت دے رہے ہیں، الیکشن وقت پر ہونگے، فتنے کو کیفر کردار تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں،پی ٹی آئی لانگ مارچ کا علاج کرنے کیلئے حکیم ثنا اللہ بیٹھے ہیں۔ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضلالرحمٰن نے کہا کہ آرمی چیف کو توسیع مل سکتی ہے یا نہیں، ہم نے اسکو آئینی طور پر دیکھنا ہے، اگر توسیع مل سکتی ہے تو بھی آئینی طور پر دیکھنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب میں یوسف رضا گیلانی صاحب کے صاحب زادے کا بطور امیدوار سامنے آنا ہے، ہم اول دن سے ان کی حمایت کرنے کے پابند ہیں، یہ حکمران اتحاد کا باضابطہ فیصلہ ہے کہ2018کے انتخابات میں جو امیدوار رنر اپ تھا سب اس کو سپورٹ کرینگے۔