کراچی پبلک اور مونٹیسوری پری پرائمری کیخلاف ڈائریکٹوریٹ اسکولز کی کارروائی

October 04, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹوریٹ جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کی معائنہ کمیٹی نے پیر کو والدین کی جانب سے ملنے والی شکایات پر مونٹیسوری کمپلیکس اسکول گلستان جوہر بلاک 14 کراچی کا دورہ کیا ۔دورہ کے دوران کمیٹی کے علم میں یہ آیا کہ اسکول سالانہ فیس کی مد میں 5000روپے، رجسٹریشن فیس کی مد میں1500روپے وصول کرنے کے ساتھ ساتھ ماہانہ فیس منظور شدہ فیس سے زائد اور داخلہ فیس کی مد میں بھی زائد فیس وصول کر رہا ہے۔اسکول میں کتابوں اور کاپیوں کی فروخت کے سلسلے میں بھی طلبہ سے رقم وصول کی جا رہی تھیں۔ جبکہ رول13کے تحت دس فیصد فری شپ اور اسکالر شپ پر بھی عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا۔جسپر کمیٹی کی جانب سے کی گئی سفارش پر کاروائی کرتے ہوئے اسکول سے 7 یوم کے اندر تحریری وضاحت طلب کی ہے اور اسکول کو ہدایت کاری کی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر وصول کی گئی فیس طلبہ کو واپس کرے یا ان کی آنے والی ماہانہ فیس میں ایڈجسٹ کرے۔کمیٹی نے مونٹیسوری کمپلیکس پری پرائمری گلستان جوہر کے دوسرے کیمپس کا بھی دورہ کیا جو کہ غیر رجسٹرڈ پایا گیا ۔ جس پر اسکول انتظامیہ سے وضاحت طلب کی گئی ہے جس کے بعد رولز کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔کمیٹی نے صادقین گرامر اسکول گلستان جوہر کراچی کا دورہ بھی کیا ۔